پیاز میں ارغوانی جھلساؤ کی بیماری ایک پھپھوند الٹرماریا کی وجہ سے ہوتی ہے ۔ ارغوانی جھلساؤ کی بیماری میں پتوں پر ہلکے جامنی رنگ کے لمبوترے کناروں والے دھبے پڑ جاتے ہیں۔ بیج پیدا کرنے والی ڈنڈی گل سڑ جاتی ہے اور پیاز پر سیاہ دھبے بن جاتے ہیں۔
پیاز ارغوانی جھلساؤ تدارک
پیاز میں ارغوانی جھلساؤ کے تدارک کے لئے بوائی سے قبل بیج کو پھپھوند کش زہر لگا کر کاشت کریں اور جڑی بوٹیوں کی مکمل تلفی کریں ۔ فصل کو صرف دن کے وقت پانی دیں۔شدید بارشوں میں یا علامات ظاہر ہوتے ہی پانچ دن کے وقفے سے پھپھوند کش زہروں ایزاوکسی سٹرابن + ڈائیفیناکونازول بحساب ڈھائی سو ملی لیٹر فی ایکڑ یا مینکوزیب+ سائموکسانل بحساب چھ سو گرام فی ایکڑ یا مینکوزیب + میٹالکسل بحساب دو سو پچاس گرام فی ایکڑ یا فوسٹائل ایلومینیم + فلومارف تین سو گرام فی ایکڑکا ادل بدل کے سپرے کریں۔














