لوسن کی بیج والی  فصل  کو اٹ سٹ ،کھبل گھاس اور اکاش بیل نقصان پہنچاتے ہیں۔ اٹ سٹ  کے تدارک کے لئے پینڈی میتھا لین  بحساب ڈیڑھ لٹر فی ایکڑ کاشت سے ایک مہینہ پہلے سپرے کرکے پانی لگا یا جاتا ہے۔ لوسن کی فصل کو آکاش بیل نقصان پہنچاتی ہے۔ لوسن کی فصل آکاش بیل کی وجہ سے اکثر دوسرے سال ختم ہو جاتی ہے۔ آکاش بیل کا بیج لوسن کے بیج سے مشابہت رکھتا ہے۔ آکاش بیل کے تدارک کیلئے آکاش بیل کے بیج کی ملاوٹ  سے مبرا بیج استعمال کریں۔ آکاش بیل کےحملہ کی صورت میں  اکتوبر نومبر یا فروری میں ایک کٹائی کرنے کے بعد لوسن کو پانی لگائیں ۔ اور وتر آنے پر تینتیس فیصد پینڈی میتھالین بحساب ڈیڑھ لٹر فی ایکڑ سپرے کی جاتی ہے۔ کھبل گھاس لوسن کی بیج  والی  فصل کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ بارشی موسم میں اسکی بڑھوتری تیز تر ہو جاتی ہے اور لوسن کو ختم کر دیتا ہے۔ کھبل گھاس سے بچاؤ کیلئے سردیوں کے دوران فینوکساپراپ ایک لٹر جبکہ گرمیوں میں فینوکساپراپ آٹھ سوملی لٹر فی ایکڑ کے حساب  سے سو لٹر پانی میں ملا کر سپرے کی جاتی ہے۔ لوسن کی فصل کو گرمیوں میں کھبل، مدھانہ اور سوانکی جیسی جڑی بوٹیاں شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔ ان سے بچاؤ کے لئے لوسن کو قظاروں میں کاشت کریں۔ ہر کٹائی کے بعد گوڈی یا گھاس کش زہر کویزلوفوپ سپرے کریں۔ لوسن کو موسمی گھاس سے بچانے کے لئے کٹائی کے بعد پانی لگا یا جاتا ہے۔ پھروترآنے پرصبح یا شام کے وقت فینوکساپراپ چھ سو ملی لٹر یا کویزلوفوپ ڈھائی سو ملی لٹر سو لٹر پانی میں ملا کرسپرے کی جاتی ہے۔