دھان پنیری خشک طریقہ کاشت
جن علاقوں میں زمین میرا ہو اور کھیت میں پانی کھڑا نہ ہو سکتا ہو ، وہاں دھان کی پینری کیلئے خشک طریقہ موزوں رہتا ہے ۔ خشک طریقے سےپنیری کی کاشت کے لیے کاشت سے دو ہفتے قبل خشک بیج کو تجویز کردہ پھپھوندی کش زہر تھائیوفینیٹ میتھائل ستر ڈبلیو پی اڑھائی گرام فی کلوگرام بیج یا فلوڈی اوکسونل + میٹالکسل باسٹھ اعشاریہ پانچ چار ملی لیٹر فی کلوگرام بیج ضرور لگائیں۔اس سے پنیری جھلساؤ کی بیماری سے بچی رہتی ہے۔ زمین کی تیاری کے لئے کھیت کی راؤنی کریں۔ وتر آنے پر دوہرا ہل اور سہاگہ دیں۔ پھر خشک بیج کا چھٹہ کر دیں۔ اس پر روڑی ، توڑی، پھک یا پرالی کی ایک انچ موٹی تہہ بکھیر کر ہلکا پانی لگادیں۔ جہاں سے پانی دیں، اس کے آگے سوکھی گھاس وغیرہ رکھ دیں تاکہ پانی کا زور کم ہو اور بیج بہہ نہ جائے۔ توڑی یا پرالی کو چند دن بعد اٹھا دیں تا کہ پنیری پر سورج کی روشنی پڑ سکے۔ اس طریقہ سے پنیری پینتیس سے چالیس دن میں تیار ہو جاتی ہے۔
دھان پنیری راب طریقہ کاشت
دھان کی پنیری کی کاشت کا یہ طریقہ ان علاقوں میں زیادہ استعمال ہوتا ہے جہاں زمین عموماً سخت ہوتی ہے۔ راب کے طریقے میں ابتدائی تیاری کے بعد کھیت کو ہموار کر کے گوبر، پھک یا پرالی کی دو انچ موٹی تہہ ڈال کر صبح یا دوپہر کے وقت آگ لگادی جاتی ہے۔ راکھ ٹھنڈی ہونے پر گوڈی کر کے زمین میں ملا دی جاتی ہے اور پھر بیج چھٹہ کر کے ہلکا پانی لگا دیا جاتا ہے۔ اس طریقے سے پنیری پینتیس سے چالیس دن میں تیار ہو جاتی ہے۔
Reference
Muhammad Ashiq, "Munafa Baksh Kasht"








