پھول گوبھی کی مقامی اقسام کا اُگاؤ عموماً ستر فیصد اور دوغلی اقسام کا اُگاؤ عموماً نوے فیصد ہوتا ہے۔
شرح بیج
ایک ایکڑ پھول گوبھی کی کاشت کیلئے اگیتی اقسام کا پانچ سو پچاس گرام جبکہ دوغلی اقسام کا ایک سو دس گرام بیج درکار ہوتا ہے لیکن پھول گوبھی کی قسم اور وقت کاشت کی مناسبت سے شرح بیج میں کمی بیشی کی جاسکتی ہے۔ بیج کا اُگاؤ عموماً ایک سال تک بہتر رہتا ہے۔
نرسری کی تیاری و کاشت
ایک ایکڑ پھول گوبھی کی کاشت کی پنیری کیلئے دو سے تین مرلہ جگہ درگار ہوتی ہے۔ پنیری ایسی زمین میں کاشت کی جاتی ہے جس میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔ نرسری کی تیاری کیلئے جڑی بوٹیوں خصوصاً ڈیلے سے پاک زمین کو ترجیح دینی چاہیئے۔ اس لیے پھول گوبھی کی پنیری کاشت کرنے سے دو ماہ قبل زمین میں گوبر کی گلی سڑی کھاد اچھی طرح ملا کر آبپاشی کر دی جاتی ہے۔ پھر وتر آنے پر دو سے تین دفعہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین کو چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ جڑی بوٹیاں اُگ آئیں۔ بوائی کے وقت زمین کو باریک اور ہموار تیار کیا جاتا ہے۔ پنیری کو بیماریوں سے بچانے کیلئے بیج کو پھپھوندی کُش زہر تھائیوفینیٹ میتھائل زہر دو گرام فی کلوگرام بیج لگا کر کاشت کرنا چاہیئے۔ نرسری کیلئے پھول گوبھی کا بیج دو طریقوں سے بویا جاتا ہے۔ پہلے طریقہ میں چارسے چھ انچ اونچی، چار سے پانچ فٹ چوڑی اور دس سے بیس فٹ لمبی پٹڑیاں تیار کی جاتی ہیں۔ پھر ان پٹڑیوں میں دو سے تین انچ کے فاصلے پر ایک انچ گہری قطاروں میں بیج کیرا کرکے ہلکی سی مٹی کی تہہ چڑھا دی جاتی ہے۔ دوسرے طریقہ میں ایک میٹر چوڑی اور دو میٹر لمبی کیاریوں میں بیج کا چھٹہ کیا جاتا ہے۔ چھٹے سے کاشتہ میں کیاریوں کو پانی لگانے کے بعد بیج کا چھٹہ کیا جاتا ہے۔ پھر بیج کو پرالی سے ڈھانپ دیا جاتا ہے۔ پھول گوبھی کا بیج تین سے چار دن میں اُگ آتا ہے۔ پھول گوبھی کی پنیری اوسطاً پینتیس دن میں تیار ہو جاتی ہے۔
آبپاشی
پھول گوبھی کی پنیری کو صبح شام فوارے سے اسطرح آبپاشی کی جاتی ہے تاکہ زمین وتر حالت میں رہے۔ نرسری کو منتقل کرنے سے ایک ہفتہ آبپاشی بند کر دینی چاہیئے۔ اس سے پودے سخت جان ہو جاتے ہیں۔ نرسری اُگھاڑتے وقت زمین میں وتر موجود ہونا چاہئے تاکہ پودے اکھاڑنے میں سہولت رہے۔ نرسری کو اکھاڑنے کے بعد اسی دن منتقل کردینا چاہیئے۔
