مٹر پر روئیں دار پھپھوندی کاحملہ سردیوں کی بارشوں یا زیادہ نمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ پتوں پر نچلی سطح پر نمدار دھبے ظاہر ہوتے ہیں۔یہ دھبے تیزی سے پھیلتے ہیں ۔ پورے پودے کو لپیٹ میں لے لیتے ہیں اور پودا مرجھا جاتا ہے۔ پودے جھلسے ہوئے نظر آتے ہیں اور متاثرہ پھلیاں گل سڑ جاتی ہیں۔ درجہ حرارت پندرہ سےبیس ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں اسی فیصد نمی ہونے پر یہ بیماری تیزی سے پھیلتی ہے ۔
مٹر روئیں دار پھپھوندی تدارک
مٹر کے کھیت کا ہفتہ میں دوبارمعائنہ کریں ۔ بیماری کا حملہ نظر آتے ہی بیمار پودوں کو کھیت سے نکال کر فورا تلف کردیں۔ روئیں دار پھپھوندی کے حملہ سے بچاؤ کے لئے پہلے تین ہفتے کے دوران ایک مرتبہ پروپینب یا مینڈی پروپمائڈ ڈھائی سو گرام استعمال کریں۔ اسکے بعد ہر ہفتے اپروولکرب + پروینب چھیاسٹھ اشاریہ آٹھ پانچ سو گرام یا مینڈی پروپمائڈ پچاس ای سی ایک سو چالیس ملی لٹر یا پائراکلوسٹروبن + میٹریم ساٹھ ڈبلیو ڈی جی تین سو تا پانچ سو گرام یا ایزاوکسی سٹرابن + ڈائیفیناکونازول بتیس اشاریہ پانچ ایس سی میں سے کوئی دو زہریں بدل کرسو لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔








