پیاز کھاد پلان
پیاز کی فصل کو فاسفورس کے مقابلے میں نائٹروجن اور پوٹاشیم کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن پیاز کی بیج والی فصل کو نائٹروجن اور پوٹاشیم والی کھادیں زیادہ ڈالی جاتی ہیں۔ جنوری میں منتقل شدہ دیسی پیاز کی بہتر پیداوار کے لئے پچاس کلو گرام نائٹروجن، تیئس کلو گرام فاسفورس اور پینتالیس کلو گرام پوٹاش ڈالی جاتی ہے۔ کھاد کی یہ مقدار ایک بوری ڈی اے پی(DAP)، دو بوری یوریا اور دو بوری ایس او پی (SOP) سے پوری کی جا سکتی ہے۔
درمیانی اور کمزور زمین میں پیاز کی دوغلی اقسام کو پچاس کلوگرام نائٹروجن ، پچاس کلوگرام فاسفورس اور پینتالیس کلوگرام پوٹاش فی ایکڑڈالی جاتی ہے۔ کھاد کی یہ مقدار دو بوری ڈی اے پی (DAP)، دو بوری یوریا اور دو بوری ایس او پی (SOP) یا ان کے متبادل کھادوں سے پوری کی جا تی ہے۔
ایک تہائی نائٹروجن، تمام فاسفورس اور نصف پوٹاش بوقت کاشت ڈالی جاتی ہے۔ جبکہ بقیہ نائٹروجن میں سے ایک تہائی پنیری کی منتقلی کےپچیس سے چالیس دن کے اندر آبپاشی کے ساتھ ڈالی جاتی ہے۔ بقیہ نائٹروجن اور پوٹاش منتقلی کے پینتالیس سے ساٹھ دن کے اندر آبپاشی کے ساتھ ڈالی جاتی ہیں۔
پیاز آبپاشی پلان
نرسری منتقل کرنے کے بعد پیاز کو زمین اور آب وہوا کی مناسبت سےعموماً آٹھ مرتبہ آبپاشی کی جاتی ہے۔ پہلی دو آبپاشیاں ایک ہفتے کے وقفے سے کی جاتی ہیں۔جبکہ اسکے بعد آبپاشی کا وقفہ بڑھایا جا سکتا ہے۔ پیاز کی فصل کیلئے زیادہ پانی اور سوکھادونوں ہی نقصاندہ ہیں۔

















