جئی معتدل سرد اور خشک موسم کی فصل ہے۔ سینتالیس سینٹی گریڈ  درجہ حرارت یا اس سے زیادہ  گرم موسم میں جئی کی  پیداوار متاثر ہوتی ہے۔

جئی زمین انتخاب وتیاری

جئی کی کاشت کے لئے میرا اور بھاری میرا زمین موزوں ہے۔ جبکہ سیم زدہ اور ریتلی زمین مناسب نہیں ہوتی۔ جئی کی اچھی پیداوار کے لئے زمین کو تین چار بار ہل اور سہاگہ چلا کر تیار کیا جاتا ہےاور پھر لیزر لینڈ لیولر کی مدد سے ہموار کر لیا جاتا ہے۔

جئی شرح بیج

 جئی  کی چارہ والی فصل  کے لئے تیس تا پینتیس کلو گرام جبکہ بیج والی فصل کے لئے بیس کلو گرام  فی ایکڑ معیاری بیج استعمال کیا جاتا ہے۔

جئی وقت کاشت  

جئی کی چارے والی اگیتی فصل کو اکتوبر کے پہلے دو ہفتے کے دوران  اور پچھیتی اقسام کو نومبر کے دوران کاشت کیا جاتا ہے۔ بیج والی فصل کو پندرہ نومبر سے تیس نومبر تک کاشت کیا جاتا ہے۔

جئی طریقہ بوائی

جئی کی فصل کی  چھٹے اور ڈرل دونوں سے بوائی کی جاتی ہے۔ لیکن جئی کی ڈرل سے کاشت کی گئی فصل زیادہ پیداوار دیتی ہے۔ ڈرل کاشت میں جئی ایک ایک فٹ کے فاصلے پر قطاروں میں کاشت کی جاتی ہے۔

جئی برداشت

جئی کی چارے والی فصل ستر تا اسی دن میں تیار ہو جاتی ہے۔ اکتوبر کاشتہ جئی کی پہلی کٹائی دسمبر میں تیار ہو جاتی ہے۔ دوسری کٹائی جنوری کے آخر میں اور تیسری مارچ کے شروع میں کی جاتی ہے۔ جبکہ نومبر کے پہلے ہفتہ میں کاشتہ جئی اپریل  کے آخر میں کاٹ لی جاتی ہے جبکہ اکتوبر میں کاشت شدہ فصل اپریل کے دوران برداشت کی جاتی ہے۔ جئی کی فصل سے  خشک چارہ یا سائیلج  بنانےکے لئے  اس وقت کٹائی کی جاتی ہے جب فصل گوبھ کی حالت میں ہوتی ہے۔