لوسن کی پیداوار  کے لئے گرم اور نیم خشک آبپاش علاقے  موزوں ہوتے ہیں۔ لوسن کی فصل سرد موسم اور شدید دھند سے متاثر ہوتی ہے۔ پودوں  کی  جڑیں مون سون کے دوران چکنی زمین میں  گلنا شروع ہو جاتی ہیں۔

لوسن زمین کی تیاری

لوسن  کی فصل بہتر نکاس والی زرخیز میرا زمین  میں بہتر پیداوار دیتی ہے۔ لوسن کے لئے چکنی زمین موزوں نہیں  ہوتی ۔ لوسن سے  چھ سے سات سال تک چارہ حاصل ہوتا ہے۔ اسکی جڑ کافی گہرائی تک جاتی ہے۔ اس لئے ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل چلا  کر چار پانچ دفعہ سہاگہ چلایا جاتا ہے۔ اس کے بعد زمین کو لینڈ لیولرسے ہموار کر لیا جاتا ہے۔

لوسن شرح بیج

لوسن کی کاشت بذریعہ چھٹہ کرنے کی صورت میں آٹھ تا دس کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال ہوتا ہے۔ ڈرل سے کاشت کی صورت میں آٹھ کلو فی ایکڑ استعمال ہوتا ہے۔ لوسن کی بیج کے لئے کاشت کی گئی فصل میں چار کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال ہوتا ہے۔

 لوسن وقت و طریقہ کاشت

لوسن کی  کاشت کے لئے بہترین وقت پندرہ اکتوبر سے پندرہ نومبر تک ہے۔ بیج حاصل کرنے کے لئے اکتوبر کے آخر میں بوائی کی جاتی ہے۔ لوسن کی کاشت کے لئے بیج کو ڈرل کی مدد سے بہترین تیار شدہ زمین میں نو نو انچ کے فاصلے پر قطاروں میں کاشت کیا جاتا ہے۔  لوسن کی بیج کے لئے کاشتہ فصل کو  ایک تا سوا فٹ کے فاصلے پر قطاروں میں کاشت کیا جاتا ہے۔

لوسن  جراثیمی ٹیکے کا استعمال

لوسن کی مجموعی پیداوار میں اضافہ کے لئے  بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگایا جاتا ہے ۔ اس کے لئے دس فیصد  چینی کا محلول بنا  کر اس میں بائیو   فر ٹیلائزر ڈالا جاتا ہے اور  بیج کے ساتھ ملا کرسایہ دار جگہ پر رکھا جاتا ہے ۔ اس طرح پودے کی ہوا سے نائٹروجن حاصل کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے اور زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔

 لوسن برداشت

لوسن کی  فصل سے بیج حاصل کرنے کے لئے اسکی کٹائی وسط مارچ سے آخر مارچ تک  مکمل کر لی جاتی ہے۔ لوسن کی اکتوبر کاشتہ فصل ساٹھ تا پچھتر دنوں میں پہلی کٹائی کے لئے تیار ہو جاتی ہے۔ لیٹ کاشتہ فصل سو سے زیادہ دنوں میں تیار ہوتی ہے۔  مارچ اپریل اور ستمبر اکتوبر کی ہر کٹائی جلدی تیار ہو جاتی ہے۔ لوسن کی  بیج سے کاشت کی گئی فصل چار پانچ سال تک اچھی پیداوار دیتی ہے۔فصل کو مکمل پکنے پر ہی کاٹا جاتا ہے ۔زیادہ رقبہ پر کاشت کی گئی فصل کو کمبائن ہارویسٹر کی مدد سے کا ٹا جاتا ہے اور کھیت میں بڑے بڑے گٹھے باندھ لئے جاتے ہیں۔