چنے کی فصل ابتدائی  مراحل میں سست روی سے جبکہ  جڑی بوٹیاں نسبتاً تیزی سے بڑھتی ہیں ۔ اسیلئے جڑی بوٹیاں  عموماً  چنے کی فصل کو ڈھانپ لیتی ہیں اور فصل کو کافی نقصان پہنچتا  ہے ۔ لہذا  یہ بہت ضروری ہے کہ  فصل  کے ابتدائی مراحل سے ہی  جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دی جائے۔  جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے  فصل اگنے کے تقریبًا ایک سے ڈیڑھ ماہ بعدپہلی گوڈی کریں۔  پہلی گوڈی کے ایک ماہ بعد دوسری  گوڈی کریں ۔  ریتلے علاقوں میں  جڑی بوٹیوں کا خاتمہ بذریعہ  روٹری  کریں  ۔ اگر جڑی بوٹیاں زیادہ ہونے کا خدشہ ہو تو کاشت کے وقت قظاروں کے درمیان کا فاصلہ ڈیڑھ سے بڑھا کر اڑھائی فٹ کر دیں ۔ اس  سے بعد میں ٹریکٹر استعمال  کر کے جڑی بوٹیوں کو ختم کر سکتے ہیں ۔ 

جڑی بوٹیوں کیلئے زہروں کا استعمال بہت موئثر ہے۔ لیکن زہروں کا استعمال زرعی ماہرین کے مشورہ سے کرنا چاہیئے۔ آبپاش علاقوں میں  ایس میٹولا کلور نو سو ساٹھ ای سی  آٹھ سو ملی لیٹر فی ایکڑ یا  پینڈی میتھالین چار سو پچپن ایس سی  ایک لیٹر فی ایکٹریا  پینڈی میتھالین پلس میٹولا کلور  نو سو ملی لیٹر فی ایکٹر بجائی کے وقت استعمال کریں۔ اگر زمین ہلکی ہے تو زہروں کی مقدار ایک تہائی کم کر دیں۔  اگر بوائی کے وقت جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے کوئی زہر استعمال نہ کی گئی ہو تو بوائی کے ڈیڑھ ماہ بعد فینوکساپراپ  استعمال کریں۔