گندم کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی کثرت اس کی پیداوار میں 15 فیصد سے 45 فیصد تک کمی کا باعث بن سکتی ہے ۔ جڑی بوٹیاں کاشت سے لے کر بڑھوتری، کٹائی ، گہائی اور مارکیٹ تک مختلف طریقوں سے نقصان پہنچاتی ہیں ۔ابتدائی مرحلے میں جڑی بوٹیاں روشنی ، پانی اور ہوا کے علاوہ زمین سے غذائی اجزاء حاصل کرکے فصل کی بڑھوتری پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ جڑی بوٹیوں کی موجودگی میں فصل پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ زیادہ شدید ہوتا ہے۔

غیر کیمیائی انسداد

  • فصلوں کا ادل بدل کریں

  • گندم والے کھیتوں میں دو تا تین سال بعد چارہ برسیم وغیرہ کاشت کریں

  • اگر ممکن ہوتو پہلے پانی کے بعد وتر آنے پر دوہری بار ہیرو چلایں ۔اس سے جڑی بوٹیاں بہت حد تک تلف ہو جاتی ہیں اور زمین میں وتر دیر تک قائم رہتا ہے۔  

  • فصل کے اگاؤ کے بعد  اگر ممکن ہو تو کھرپے یا کسولے سے خشک گوڈی کر کے فصل کو جڑی بوٹیوں سے پاک کریں۔ زیادہ شرح بیج رکھنے سے بھی جڑی بوٹیوں کو پھلنے پھولنے کا موقعہ نہیں ملتا۔ 

داب کے طریقے سے جڑی بوٹیوں کی تلفی

فصل کاشت کرنے سے پہلے داب کے طریقے سے جڑی بوٹیوں کو تلف کریں۔ اس طریقے میں فصل کی کاشت سے ہفتہ دس دن قبل ایک یا دو مرتبہ عام ہل اور ایک مرتبہ سہا گہ دے کر زمین کو یونہی چھوڑ دیا جاتا ہے۔ چھ سات دن میں جڑی بوٹیوں کے بیچ اگ آتے ہیں جو کہ کاشت کیلئے زمین کی آخری تیاری کے دوران ہل چلانے کے نتیجے میں تلف ہو جاتے ہیں۔

کیمیائی انسداد

کھیت میں جڑی بوٹیوں کے  کیمیائی تدارک کے لئے سب سے پہلے کھیت میں موجود جڑی بوٹیوں کا جائزہ لیں. عام طور پر کھیت میں یا گھاس نما یا چھوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں کسی ایک قسم کی کثرت ہوتی ہے.  جڑی بوٹیوں کی شناخت ان کے ابتدائی مرحلے میں ہے کر لیں . پھر تجویز کردہ زہریں درج ذیل  ہدایت کے مطابق استعمال کریں

کیمیائی تدارک کے لئے ضروری ہدایات

  • موسمی جڑی بوٹیوں کے لئے  زہر پہلے پانی کے بعد تروتر میں سپرے کریں

  • اگر کھیت میں لیہلی ہو تو زہر کا سپرے پچاس دن کے بعد کریں جب لیہلی ابتدائی مرحلے میں ہو. زیادہ جلدی سپرے کرنے سے لیہلی دوبارہ اگ آۓ گی

  • ریتلے علاقوں اورکلراٹھی زمینوں میں ان زہروں کا استعمال احتیاط سے کر یں۔

  • زہر کے چھڑکاؤ کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کے استعمال نہ کر یں۔

  • سپرے کے بعد جڑی بوٹیوں کو چارہ کے طور پر ہرگز استعمال نہ کر میں۔

  • فصل میں کسی جگہ دوہرا  سپرے نہ کر میں اور نہ ہی کوئی جگہ خالی رہنے دیں۔

  • .سپرے کے لئے مخصوص نوزل  ٹی جیٹ یا فلیٹ فین نوزل استعمال کریں

  • تیز ہوا، دھند یا بارش میں سپرے نہ کریں۔

  • سپرے کے لئے  پانی کی مقدار 100 تا 120 لیٹر فی ایکڑ رکھیں ۔

  • سپرے ہمیشہ مشین کی کیلی بریشن کر کے کریں ۔

  • دھان کے علاقے جہاں پہلے پانی کے بعد زمین دیر سے وتر آتی ہے وہاں پانی لگانے کے بعد جب کھیت میں کیچڑ ہوتو جڑی بوٹی مار زہر یوریا کھاد یا ریت  میں ملا کر بھی  چھٹہ  جاسکتی ہیں ۔

بروڈ سپیکٹرم جڑی بوٹی مار زہریں ، چوڑے اور گھاس نما جڑی بوٹیوں کے لئے

کھیت میں چھوڑے پتوں والی اور گھاس کے خاندان والی جڑی بوٹیوں کے لئے پہلے پانی کے بعد جب زمین وتر کی حالت میں ہو اور فصل کی عمر تقریباً 35 دن ہو تو درج ذیل میں سے کوئی ایک زہر استعمال کریں

میسوسلفیوران + آئیوڈوسلفیوران چھہ ڈوبلیو جی سو گرام فی ایکڑ
یا
فلوراسولام + میزوسلفیوران میتھائل+ ایم سی پی اے پچیس او ڈی  چار سو ملی لیٹر فی ایکڑ
یا
پائروکسولام پینتالیس او ڈی  ایک سو پچاس ملی لیٹر فی ایکڑ کے
یا
میٹری بوزین ستر ڈبلیو پیاسی گرام فی ایکڑ

چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیاں کے لئے

چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں ، مثلا جنگلی ہالوں، جنگلی پالک ، لہیلی، بلی بوٹی، باتھو وغیرہ کے انسداد کے لئے جب جڑی بوٹیاں ابتدائی مرحلے میں ہوں تو بروموکسنل + ایم سی پی اے ساٹھ فیصد ای سی تین سو ملی لیٹر فی ایکڑکے حساب سے استعمال کریں. اس زہر سے جنگلی مٹری، جنگلی مولی ، پیازی اور مینا کے علاوہ بیشتر چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں پر قابو پایا جا سکتا ہے جنگلی مٹری، جنگلی مولی ، پیازیکے لئے بروموکسنل + ایم سی پی اے+ کلوپائیرالڈ چھپن ای سی تین سو پچاس ملی لیٹر فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کریں

گھاس نما جڑی بوٹیوں کے لئے

 گھاس نما جڑی بوٹیوں جیسے دمبی سٹی اور جنگلی جئی کے لئے درج ذیل زہر استعمال کریں 

پنوزاڈن پچاس ای سی تین سو تیس ملی لیٹر فی ایکڑ 
یا
   فینکساپراپ-پی-ایتھائل + کلوڈینافاپ پروپرجائل + ٹیراکوزائڈم چودہ اعشاریہ پانچ ای سی پانچ سو ملی لیٹر فی ایکڑ