لشکری سنڈی کے پروانے کا رنگ سبزی مائل بھورا اور اگلے پر گہرے بھورے رنگ کے ہوتے ہیں۔ پروں پر سفید لکیریں ہوتی ہیں۔ پچھلے پر سرمئی اور پروں پر سیاہ دھبے بھی ہوتے ہیں ۔ لشکری سنڈی ہاتھ لگانے سے فوراً گول ہو کرگرجاتی ہے۔ لشکری سنڈی گندم کی فصل پر لشکر کی صورت میں حملہ کرتی ہے۔ جس کے نتیجے میں پودے ٹنڈ منڈ (گنجے) ہوجاتے ہیں۔
تدارک
گندم کی فصل کو لشکری سنڈی کے حملے سے بچانے کے لیے فصل کو جڑی بوٹیوں سے محفوظ رکھیں ۔ کھیت میں پرندوں کے بیٹھنے کے لیئے درختوں یا ڈنڈوں سے رسیاں باندھیں کیونکہ پرندے لشکری سنڈی کو کھاتے ہیں۔ اگر کھیت پر لشکری سنڈی کا حملہ ہوتو کھیت کے گرد کھائیاں کھود کر ان میں زہر یا پانی بھر کر مٹی کا تیل ڈال دیں تاکہ سنڈیاں دوسرے کھیتوں کی طرف نہ جا سکیں۔ پروانوں کو تلف کرنے کے لیئے روشنی کے پھندے لگائیں۔ لشکری سنڈی کا حملہ شروع میں ٹکڑیوں میں ہوتا ہے جس میں سنڈیاں بڑی تعداد میں موجود ہوتی ہیں۔ اگر ان کو اس وقت ختم کردیں تو یہ زیادہ باکفایت اور موثر رہتا ہے۔
