سست تیلہ سبز یا پیلی رنگت کا چھوٹا کیڑا ہوتا ہے۔ جو انتہائی سست رفتار سے چلتا ہے۔ سست تیلہ پروں کے ساتھ اور بغیر پردونوں حالتوں میں رہتا ہے۔ جب فصل تیار ہونے کے قریب ہو تو سست تیلہ پرداراورسیاہ رنگت کا ہو جاتا ہے- سست تیلے کے بالغ کیڑے اور بچے پتوں کو نچلی سطح ، پھولوں، نرم ٹہنیوں اور نئی پھوٹی ہوئ کونپلوں سے رس چوس کر پودوں کو کمزور کرتے ہیں۔ جس سے پودے پھول اور بیج نہیں بنا پاتے۔ سست تیلہ اپنے پیٹ کے اوپر دو باریک نالیوں (کارنیکل) سے ایک میٹھا لیس دار مادہ خارج کرتا ہے۔ اس مادے پر کالی پھپھوندی اگ آتی ہے جو ضیائی تالیف یعنی سورج کی روشنی سے پودے کی افزائش کا عمل متاثر کرتی ہے۔ گندم کی فصل پر سست تیلے کا حملہ آبپاش علاقوں میں زیادہ ہوتا ہے۔

تدارک

گندم کی فصل پر سست تیلے کے حملے پرقابو پانے کیلئے  گندم کی فصل کے ساتھ سرسوں یا کنولا کی مخلوط کاشت کریں۔  کھیت میں سست تیلے کے دشمن کیڑوں مثلاً لیڈی برڈ بیٹل، کرائی سوپرلا اور کچھوا بھونڈی کی افزائش کریں۔ جڑی بوٹیوں کو تلف کریں۔ فصل کی اگیتی کاشت کریں۔ کھادوں کا صحیح متناسب میں استعمال کرکے بھی  سست تیلے کے حملے کو کم کر سکتے ہیں ۔  شدید حملے کی صورت میں زرعی ماہرین سے مشورہ کرکے امیڈاکلوپرڈ دو سو ملی لٹر فی ایکڑ محدود مقدار میں ہدایات کے مطابق استعمال کریں۔