روڈز گراس کیلئے چار تا پانچ کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کافی ہوتا ہے
روڈز گراس ایک غذائیت سے بھرپور چارہ ہے، جو دودھ دینے والے جانوروں کے لیے مفید ہے۔روڈز گراس کی فصل سال میں کئی بار پیداوار دیتی ہے، اس لئے کافی منافع بخش ہے۔ روڈز گراس خشک چارہ کے طور پر بھی استعمال ہوتی ہے۔
روڈز گراس موزوں زمین و شرح بیج
روڈز گراس گرم مرطوب علاقے کی فصل ہے۔ یہ کم پانی والے علاقے میں بھی کاشت کی جاسکتی ہے لیکن آبپاش علاقے میں بہترین پیداوار دیتی ہے۔روڈزگراس کی فصل سخت اور بیج باریک ہوتا ہے اس لئے کاشت کیلئے باریک زمین تیار کی جاتی ہے۔ روڈز گراس ہر طرح کی زمین میں کاشت کی جا سکتی ہے۔ لیکن میرا اور ہلکی میرا زمین میں زیادہ پیداوار دیتی ہے۔یہ سخت جان فصل کلر اٹھی زمین میں بھی اگائی جا سکتی ہے۔
روڈز گراس کیلئے چار تا پانچ کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کافی ہوتا ہے۔ کاشت کیلئے زمین کو تین سے چار بار ہل اور سہاگہ چلا کر نرم،ہموار، اور بھربھرا تیار کیا جاتا ہے۔
روڈز گراس وقت و طریقہ کاشت
روڈز گراس سال میں دو بار کاشت کی جاتی ہے۔اس کی بوائی آبپاشی کےعلاقوں میں مارچ اور اپریل میں اور بارانی علاقوں میں جون اور جولائی میں کی جاتی ہے۔ یہ ایک دائمی فصل ہے جو چار سال تک پیداوار دیتی ہے۔ ستمبر کاشتہ فصل زیاده اگاؤ دیتی ہے۔ لیکن اپریل کی فصل زیادہ پیداوار اور کٹائی دیتی ہے۔
روڈز گراس کو عموماً برسیم کی طرح کھڑے پانی میں کاشت کیا جاتا ہے۔روڈز گراس چھٹے کے طریقے کے علاوہ ڈرل اور کیرے کے طریقے سے بھی کاشت کی جاتی ہے۔ روڈز گراس کی قلموں کے ذریعے بھی کاشت کی جاسکتی ہے۔قلمیں ایک طرف جھکا کر اور زمین کے ساتھ پینتالیس درجے کا زاویہ بنا کر لگائی جاتی ہے۔ پودوں اور لاںنوں کے لیے کم از کم دو فٹ کا فاصلہ رکھنے پر پیداوار زیادہ اچھی ہوتی ہے۔ چونکہ اس طریقہ کاشت میں خشک زمین استعمال ہوتی ہے اسلئے قلمیں لگانے کے فوراً بعد فصل کو پانی لگائیں۔ جب تک فصل پھوٹ نہ جائے ہفتہ وار آبپاشی کریں۔
روڈز گراس برداشت
بوائی کے دو ماہ بعد فصل پہلی کٹائی کے لئے تیار ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد ہر پینتیس سے چالیس دن کے بعد فصل کاٹی جا سکتی ہے۔پھول یا سٹے نکلنے پر فصل کی کٹائی کی جاتی ہے۔ یہ فصل سال میں چھ تا سات بار پیداوار دیتی ہے۔ برسات میں روڈز گراس زیادہ پیداوار دیتی ہے۔ اگر بیج بنانا ہو تو جولائی کے بعد کٹائی اور پانی روک دیں۔ اچھی فصل سے پانچ سو سے بارہ سو من چارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
روڈز گراس سے خشک چارے کی تیاری
روڈز گراس کی کٹائی کے دروان بیس سے پچیس کلو گرام کی گانٹھیں بنا کر خشک کر لیا جاتا ہے۔ گانٹھیں بنانے کے لئے پندرہ سے بیس فیصد نمی کی ضرورت ہوتی ہے۔ روڈز گراس کی خشک گانٹھیں اندرون اور بیرون ملک سپلائی کی جاتی ہے۔
Reference
http://www.agripunjab.gov.pk
Muhammad Ashiq, "Munafa Baksh Kasht"
