دھان ایک اہم غذائی فصل ہے اور خوراک کا ایک اہم حصہ ہے۔ دھان کی فصل کی با قیات کئی صنعتوں کے لئے خام مال مہیا کرتی ہے۔ دھان کی پرالی مویشیوں کے لئے چارے کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ چاول کا چھلکا کاغذ اور گتہ بنانے کی فیکٹری میں استعمال ہونے کے علاوہ بطور ایندھن بھی استعمال ہوتا ہے۔ چاول کا آٹا بیکری کی مصنوعات اور مٹھائیاں بنانے میں استعمال ہوتا ہےاور اس سے روٹی بھی بنائی جاتی ہے۔

دھان موزوں زمین و شرح بیج

دھان کی فصل رتیلی زمین کے علاوہ ہر قسم کی زمین میں کاشت کی جاسکتی ہے۔ چیکنی زمین جسم میں نامیاتی اجزاء کی مناسب مقدار اور پانی کھڑا رکھنے کی خصوصیت ہو دھان کی کاشت کیلئے موزوں ہوتی ہے۔ زمینوں میں مستقل دھان اور گندم کی مسلسل کاشت ہو اُن میں نامیاتی اجزاء کی کمی ہو جاتی ہے۔ ایسی زمینوں میں گندم اور دھان کے درمیان سبز چارہ جیسے گوارا یا پھلی دار فصلوں کی کاشت زمین کی صحت کیلئے فائدہ مند ہوتی ہے۔ اسی طرح زمین میں گوبر کی کھاد اور گندم اور دھان کے خشک شاخوں کی آمیزش بھی فائدہ مند ہوتی ہے۔ دھان کی فصل سے بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کرنا چاہیئے۔ غیر منظور شدہ اور ممنوعہ اقسام ہرگز کاشت نہ کریں کیونکہ ان کے چاول کا معیار ناقص ہوتا ہے۔ دھان کی منظور شدہ اقسام درج زیل ہیں:

موٹی اقسام: اری 6، کے ایس 282، کے ایس کے 133، نیاب اری 9، نیاب 2013 اور کے ایس کے 434

باسمتی /فائن اقسام: پی کے 2021، نیا نایاب، الخالد رائس، این بی آر 2، نجی باسمتی 2020، سپر گولڈ، سپر باسمتی 2019، باسمتی 515، سپر باسمتی، چناب باسمتی، پنجاب باسمتی، پی کے 1121، نیاب باسمتی 2016، نور باسمتی، پی کے 386، شاہین باسمتی، کسان باسمتی۔

ہائبرڈ باسمتی: کے ایس سی 111 ایچ۔

منظور شدہ ہائبرڈ موٹی اقسام۔

موٹی اقسام کی شرح بیج کدو طریقہ میں چھ سے سات کلوگرام بیج فی ایکڑ، خشک طریقہ میں آٹھ سے دس کلوگرام بیج فی ایکڑ اور راب کے طریقہ میں بارہ سے پندرہ کلوگرام بیج فی ایکڑ ہے۔ باسمتی اقسام کی شرح بیج کدو طریقہ میں ساڑھے چار سے پانچ کلوگرام بیج فی ایکڑ، خشک طریقہ میں چھ سے سات کلوگرام بیج فی ایکڑ اور راب کے طریقہ میں دس سے بارہ کلوگرام بیج فی ایکڑ ہے۔ باسمتی ہائبڑڈ اقسام کی شرح بیج کدو طریقہ میں ساڑھے چار سے پانچ کلوگرام بیج فی ایکڑ ہے۔ موٹی ہائبڑڈ اقسام کی شرح بیج کدو طریقہ میں چھ کلوگرام بیج فی ایکڑ ہے۔

Reference

http://www.agripunjab.gov.pk

Muhammad Ashiq, "Munafa Baksh Kasht"