مکئی وقت کاشت و زمین
مکئی کو اٹھارہ سے بتیس ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت تک کاشت کیا جاسکتا ہے۔ اسلیئےمکئی عمومی طور پر ملک کے تقریباً تمام علاقوں میں کاشت کی جا سکتی ہے۔ مکئی کو سال میں دو مرتبہ بہار اور خریف میں کامیابی سے کاشت کیا جا سکتا ہے۔ بہار میں کاشت ہونے والی مکئی کو بہاریہ مکئی کہتے ہیں۔ بہاریہ مکئی کی فی ایکڑ پیداوار خریف مکئی کے مقابلے میں نسبتاً ذیادہ ہوتی ہے۔ بہاریہ فصل کا بہترین وقت کاشت آخر جنوری سے آخر فروری جبکہ خریف کاشت کے لئے پندرہ جولائی سے پندرہ اگست بہترین وقت ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مکئی کی کاشت پندرہ مارچ سے پندرہ اپریل تک کی جاسکتی ہے۔ اگر مکئی سبز بھٹوں کے لئے کاشت کی جا رہی ہے تو کاشت اگست کے آخر تک کی جا سکتی ہے۔ بارانی علاقوں میں مکئی کی کاشت مون سون کے آغاز کے مطابق کی جاتی ہے۔ البتہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر وقت کاشت میں تتہہ والی زمین بھی مکئی کی بدیلی کی جاسکتی ہے۔ نیز مکئی کی بہاریہ فصل سے حاصل کردہ بیج بآسانی خریف کی موسمی فصل کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مکئی کی کاشت کے لئے بھاری میرا زرخیز زمین جس میں نا میاتی مادہ کی مقدار بہتر اور پانی جذب کرنے کی صلاحیت ہو موزوں ہوتی ہے۔ ریتلی ، سیم زدہ اور کلراٹھی زمین مکئی کی کاشت کے لئے موزوں نہیں ہوتی۔ نیز سخت کاشت کے لئے غیر موزوں ہوتی ہے۔
مکئی بیج مقدا وانتخاب
مکئی کی کاشت کے لیے صاف ستھرا، صحت مند، خالص اورنوے فیصد سے زائد اگاؤ والا بیج استعمال کرنا چاہیئے۔ وٹوں پر کاشت کے لئے آٹھ سے دس کلو گرام بیج فی ایکڑ جبکہ ڈرل کاشت کے لئے بارہ سے پندرہ کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کیا جاتا ہے۔ روائتی اقسام کے علاوہ مکئی کی ہائبرڈاقسام بھی بہترین پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان اقسام کا قد درمیانہ اور تنا و جڑیں مضبوط ہوتی ہیں۔ جس کی وجہ سے یہ ذیادہ کھاد برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ نیز گرنے سے بھی محفوظ رہتی ہیں۔ ہائبرڈ اقسام کی چھلیاں عام طور پر آخری سرے تک دانوں سے بھری ہوئی ہوتی ہیں۔ چھلیوں میں دانوں کی تعداد زیادہ، دانے موٹے اور وزنی ہوتے ہیں۔ کھیت میں روایتی اقسام کے پودوں کی تعداد تقریباً تئیس ہزار فی ایکڑ جبکہ ہائبرڈ اقسام کے پودوں کی تعداد تقریباً چھبیس ہزار فی ایک رکھنی چاہیئے۔ مکئی کی فصل کو ابتدائی مرحلے میں رس چوسنے والے کیڑوں خصوصاً کونپل کی مکھی اور بیماریوں کے حملے سے بچاؤ کے لئے ٹیبوکونازول پلس امیڈاکلوپرڈ سینتیس اعشاریہ پچیس ایف ایس بحساب دس ملی لٹر فی کلوگرام بیج یا ایزاوکسی سٹرابن پلس کلوتھیانڈن باسٹھ اعشاریہ پانچ بحساب نو گرام فی کلوگرام بیج یا ایزاوکسی سٹرابن پلس کلوتھیانڈن پلس فلوڈآکسنل بہتر نو گرام فی کلوگرام بیج لگا کر کاشت کریں۔ بیج کو زہر لگانے کے لئے گھومنے والا ڈرم استعمال کریں اور اگر ڈرم دستیاب نہ ہو بیج کو وزن کرکے پلاسٹک کی بوری میں تجویز شدہ زہر کے ساتھ ڈالیں- بوری کو تقریباً آدھا بھریں اور پھر دونوں طرف سے پکڑ کر اچھی طرح سے ہلا لیں۔ اس طرح بیج کے ہر دانے کو زہر لگ جائے گا۔
| نام | خریف فصل (دن ) | بہاریہ فصل (دن ) | پیداوار ( من فی ایکڑ) | دانوں کی رنگت | منظوری کا سال |
|---|---|---|---|---|---|
| پرل | 100-105 | 120-115 | 72 | سفید | 2011 |
| ایم ایم ار آئی ییلو | 95-100 | 120-115 | 85 | زرد | 2011 |
| ملکہ | 100 | 115 | 86 | زرد | 2016 |
| گوہر | 95-100 | 110-115 | 81 | سفید | 2019 |
| ساہیوال گولڈ | 100-105 | 115-110 | 91 | زرد | 2019 |
| سمٹ پاک | 85-90 | 100-90 | 71 | سفید | 2019 |
| پاپ | 90-95 | 105-100 | 55 | زرد | 2019 |
| سویٹ | 95-90 | 105-100 | 44 | زرد | 2019 |
زمین کی تیاری اور کاشت
فصل کے بہتر اگاؤ کے لئے مکئی کی کاشت سے قبل کھیت کی اچھی تیاری بہت ضروری ہے۔ اسلیئے اگر کیھت میں زمین کی سخت تہہ موجود ہو تو اسے گہرا ہل استعمال کرتے ہوئے توڑ لینا چاہیئے۔ کھیت میں پہلی مرتبہ کاشت سے تقریباً ایک مہینہ پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلانا چاہیئے۔ پھر کھیت کی بہتر تیاری کے لئے تین سے چار مرتبہ ہل اور سہاگہ چلائیں۔ کھیت کی ہمواری موئثر آبپاشی اوربہتر پیداوار کیلئے بہت ضروری ہے۔ اس مقصد کے لئے کھیت میں لیزر لینڈ لیولر استعمال کریں- زمین میں اگر سابقہ فصل کے مڈھ یا ڈھیلے ہوں تو روٹا ویٹر چلا کر انہیں باریک کر لیں- آبپاش علاقوں میں مکئی کی وٹوں پر کاشت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ وٹیں مشرق سے مغرب کی سمت میں اڑھائی فٹ کے باہمی فاصلہ پر بنائی جاتی ہیں۔ پھر پانی لگانے کے فوراً بعد نمی سے اُوپروٹوں کی ڈھلوان پربیج کا چوکا لگایا جاتا ہے۔ مکئی کی بہاریہ کاشت میں بیج کا چوکا جنوبی سمت پر لگایا جاتا ہے کیونکہ صبح سے شام تک دھوپ پڑنے سے بیج جلدی اگتا ہے۔ جبکہ مکئی کی خریف کاشت میں شمالی سمت پر بیج کا چوکا لگایا جاتا ہے۔ کیونکہ دھوپ کم پڑنے سے نمی زیادہ دیر برقرار رہتی ہے اور اگاؤ بھی بہتر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مکئی کو ساڑھے تین فٹ کے باہمی فاصلے پر بنائی گئی پٹڑیوں پر بھی کاشت کیا جاتا ہے۔ پٹڑیوں کی کاشت میں مکئی کا چوکا پٹڑیوں کے دونوں طرف لگایا جاتا ہے۔ بہاریہ مکئی میں پودوں کا باہمی فاصلہ چھ انچ جب کہ خریف کاشت میں ہائبرڈ اقسام کے لئے پودوں کا باہمی فاصلہ سات انچ اور عام اقسام کے لئے آٹھ سے نو انچ رکھا جاتا ہے۔ بارانی علاقوں میں مکئی کی بوائی اڑھائی فٹ کے فاصلے پرڈرل، پوریا کیرا سے کی جاتی ہے۔ مکئی کی فصل میں جب پودوں کا قد جب نو انچ ہو جائے تو اس طرح چھدرائی کرنی چاہیئے کہ عام اقسام میں ہر چار سے پانچ انچ اورہائبرڈ اقسام میں ہر آٹھ انچ کے فاصلے پر ایک صحت مند پودا ہو۔
ref: Directorate of Agriculture Information Government of The Punjab


