کپاس آبپاشی کا پلان

کپاس کی فصل کی آبپاشی زمین کی زرخیزی ،طریقہ کاشت،قسم،موسمی حالات اور فصل کی حالت کو مدِنظر رکھ کر کریں۔ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ پا نی کی کمی کی علاما ت کھیت کے نسبتاً اونچے حصے پر پہلے وا ضح ہو تی ہیں جن میں پتوں کا نیلگو ں ہو نا ، اوپر والی شا خوں کی درمیا نی لمبا ئی میں کمی ، سفید پھو ل کا چو ٹی پر آ نا ، تنے کے اوپر کے حصے کا تیزی سے سرخ ہونا اور چوٹی کے پتو ں کا کھردرا ہونا شامل ہے ۔ فصل پر ایسی علامات کے ظاہر ہونے سے پہلے آبپاشی کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جاسکے۔

اگر کپاس کی فصل پٹڑیوں پر کاشت کی ہے تو بوائی کے بعد پہلا پانی دو سے چار دن, دوسرا،تیسرا، چوتھا چھ سے نو دن کے وقفے سے اور بقیہ پانی پندرہ دن کے وقفےسے لگائیں اور اگر کپاس کے بعد گندم کاشت کرنی ہو تو آخری پانی ۱۵ اکتوبر تک لگائیں۔ اگر ہموار کھیت میں لائنوں میںکپاس کی فصل کاشت کی ہے تو پہلی آبپاشی بوائی کے تیس سے پینتیس دن اور بقیہ آبپاشیاں بارہ سے پندرہ دن کے وقفے سے کریں۔ اگر کپاس کے بعد گندم کاشت کرنی ہو تو آخری آبپاشی ۱۰ اکتوبر تک کریں۔ پٹڑیوں پر اگیتی کاشت کی صورت میں دوسرا پانی پانچ سے چھ دن اور درمیانی کاشت کی صورت میں تین سے چار دن کے وقفے سے لگائیں تاکہ بیج کا اگاؤ بہتر ہو۔ تاہم موسم کے مطابق آپ آبپاشی کے وقفوں میں ردوبدل کرسکتے ہیں۔

کپاس کھادوں کا پلان

کپاس کی زیادہ پیداوار کے لیے کھادوں کا صحیح تنا سب میں استعمال بہت ضروری ہے۔ کپاس کی بوائی سے پہلے زمین کا تجزیہ کروائیں تاکہ زمین کی زرخیزی کا صحیح اندازہ ہو سکے اور کھادیں زمین کی زرخیزی کے لحاظ سے استعمال کریں ۔ زرخیز زمین میں سوا بوری ڈی اے پی، ڈیڑھ بوری ایس او پی اور تین بوری یوریا استعمال کریں ۔ درمیانی زمین میں میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی، ڈیڑھ بوری ایس او پی اور سوا تین بوری یوریا استعمال کریں ۔ درمیانی زمین میں میں پونے دو بوری ڈی اے پی، ڈیڑھ بوری ایس او پی اور ساڑھے تین بوری یوریا استعمال کریں ۔

فاسفورس ، پوٹاش ، زنک اور بوران کی تمام مقدار اور نائٹروجن کا ایک تہائی حصہ بجائی کے وقت استعمال کریں۔ نائٹروجن کا بقیہ ایک تہائی ڈوڈیاں آنے پر اور ایک تہائی حصہ پھول آنے پر ڈالیں۔ فاسفورسی کھادوں کو بوائی کے وقت چھٹے کی صورت میں استعمال کرتے وقت اگر آپ ۲۰۰ کلو گرام فی ایکڑ گوبر کی کھاد کے ساتھ ملا لیں تو بہتر نتائج حاصل ہونگے۔خشک زمین میں نائٹروجن کی کھاد دینے کی صورت میں فصل کو فورا ً پانی لگائیں ۔ بہتر ہے کہ کھاد شام کے وقت ڈالیں۔کھادوں کے استعمال سے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے فصلوں کی باقیات کو کھیتوں میں اچھی طرح دبادیں اور سبز کھاد کے استعمال کو بھی ترجیح دیں ۔ آلو کی فصل کے بعد اور زرخیز زمینوں میں کھادوں کا استعمال احتیاط سے کریں تاکہ فصل کی غیر ضروری بڑھوتری نہ ہو۔ وائرس کے حملہ کی صورت میں شروع کے پہلے چار پانیوں کے ساتھ آدھی بوری یوریا ڈالیں ۔