مائیکو ٹاکسن کیا ہیں؟

مائیکوٹاکسن خاص قسم کی پھپھوندی (فنگس) سے پیدا ہونے والے زہریلے مادے ہوتے ہیں ۔ یہ پھپھوندی عموماً اجناس جیسے مکئی، گندم، جو، چاول کے بھوسے اور تیار شدہ فیڈ میں پیدا ہوتی ہے، خاص طور پر ان صورتوں میں جب خوراک نم، گرم یا صحیح طریقے سے محفوظ نہ کی گئی ہو۔ یہ زہریلے مادے مرغیوں اور مویشیوں کی صحت، پیداوار اور آمدن پر براہِ راست منفی اثر ڈالتے ہیں۔

مائیکو ٹاکسن کہاں سے آتے ہیں؟

  • کھیت میں فصل کے دوران (زیادہ نمی اور بارش کی وجہ سے)
  • ذخیرہ شدہ اناج میں (گودام میں ہوا اور خشکی کا انتظام نہ ہونے سے)
  • پرانی یا بدبودار فیڈ میں
  • پھپھوندی لگی یا ٹوٹے ہوئے دانوں میں

کئی بار، ظاہری طور پر ٹھیک لگنے والی فیڈ میں بھی مائیکو ٹاکسن موجود ہو سکتے ہیں۔

مرغیوں اور جانوروں پر مائیکو ٹاکسنز کے عمومی اثرات

مائیکوٹاکسنز سے متاثر خوراک کھانے سے مرغیوں اور جانوروں میں خوراک کم کھانے کا رجحان پیدا ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں نشوونما سست ہو جاتی ہے اور وزن مطلوبہ حد تک نہیں بڑھ پاتا۔ اس کے ساتھ ساتھ قوتِ مدافعت کمزور ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے ویکسین بھی صحیح طرح اثر نہیں کرتیں اور بیماریوں کا بار بار حملہ ہونے لگتا ہے۔ ایسے حالات میں اموات کی شرح بھی بڑھ سکتی ہے۔ چونکہ یہ نقصانات آہستہ آہستہ سامنے آتے ہیں، اس لیے اکثر کسان اصل مسئلہ بروقت پہچان نہیں پاتے۔

خوراک میں مائیکوٹاکسنز کی موجودگی عالمی مسائلہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم دنیا کے کچھ علاقوں میں کچھ مائیکوٹاکسن دوسروں کے مقابلے میں آسانی سے پیدا ہوتے ہیں۔

مختلف مائیکو ٹاکسنز کا جغرافیائی وقوع

جغرافیائی مقام پائے جانے والے مائیکو ٹاکسنز
مغربی یورپ اوکراٹاکسن، وومیٹوکسن اور زیرالینون
مشرقی یورپ وومیٹوکسن اور زیرالینون
شمالی امریکہ اوکراٹاکسن، وومیٹوکسن اور زیرالینون
جنوبی امریکہ افلاٹاکسنز، فیومونیسنز، اوکراٹاکسن
افریقہ افلاٹاکسنز، فیومونیسنز اور زیرالینون
ایشیا افلاٹاکسنز، فیومونیسنز
آسٹریلیا افلاٹاکسنز

مائیکوٹاکسنز کی پانچ سو سے زائد اقسام ہیں۔

افلا ٹاکسن (Aflatoxins)

افلا ٹاکسن سب سے عام اور خطرناک مائیکو ٹاکسن ہیں، جو زیادہ تر مکئی اور اناج میں پائے جاتے ہیں۔

مرغیوں میں افلا ٹاکسن کی علامات:

  • جگر پر چربی چڑھ جانا
  • گردوں کے مسائل
  • ٹانگوں اور ہڈیوں کا کمزور ہونا یا ٹیڑھا ہونا
  • انڈے چھوٹے آنا
  • انڈے کے چھلکے کا کمزور ہونا
  • انڈے اور گوشت میں زردی (رنگ) کی کمی
  • انڈوں کی پیداوار میں واضح کمی

افلا ٹاکسن کم مقدار میں لیکن مسلسل استعمال سے زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔

اوکراٹاکسن (Ochratoxins)

اوکرا ٹاکسن زیادہ تر اناج میں بنتے ہیں اور جگر اور گردوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔

نقصانات:

  • خوراک کم کھانا
  • نشوونما رک جانا
  • انڈے دینے والی مرغیوں میں پیداوار اور معیار کی کمی
  • کمزور جسم اور زیادہ اموات

زیرالینون (Zearalenone)

یہ ہارمون جیسا اثر رکھنے والا مائیکو ٹاکسن ہے، جو زیادہ تر تولیدی نظام کو متاثر کرتا ہے۔

ممکنہ مسائل:

  • انڈے بننے کے عمل میں خرابی
  • مادہ اور نر کے ملاپ میں مسائل
  • ایمبریو کا ضائع ہونا

نوٹ: بعض اوقات مرغیاں اس ٹاکسن کو بغیر واضح علامات کے برداشت کر لیتی ہیں، لیکن نقصان اندرونی ہوتا ہے۔

ٹرائیکوتیسنز (Trichothecenes)

یہ مائیکو ٹاکسن بہت کم مقدار میں بھی نقصان دہ ہوتے ہیں۔

اثرات:

  • خوراک ہضم نہ ہونا
  • انڈوں کی پیداوار میں کمی
  • قوتِ مدافعت شدید کمزور ہونا
  • معدے اور آنتوں میں زخم

فیومونیسنز (Fumonisins)

یہ مائیکو ٹاکسن مدافعتی نظام، جگر اور گردوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

نقصانات:

  • وزن میں کمی
  • بیماریوں میں اضافہ
  • اموات کی شرح بڑھنا

مرغیوں میں ان کے اثرات ظاہر ہونے کے لیے نسبتاً زیادہ مقدار درکار ہوتی ہے، لیکن خطرہ موجود رہتا ہے

روک تھام ہی بہترین علاج ہے

مائیکو ٹاکسن ایک خاموش لیکن خطرناک مسئلہ ہیں جو مرغیوں اور مویشیوں کی صحت اور کسان کی آمدن دونوں کو متاثر کرتے ہیں۔ درست ذخیرہ، صفائی، نمی پر کنٹرول اور بروقت احتیاطی اقدامات سے ان نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔

کسانوں کے لیے عملی اقدامات:

  1. اناج اور فیڈ ہمیشہ خشک اور ہوا دار جگہ پر رکھیں
  2. گودام میں بارش یا نمی داخل نہ ہونے دیں
  3. اناج ذخیرہ کرنے سے پہلے نمی 12–14 فیصد تک رکھیں
  4. پھپھوندی لگی، بدبودار یا ٹوٹے دانے الگ کر دیں
  5. فیڈ کو زیادہ عرصے تک ذخیرہ نہ کریں
  6. مشکوک صورت میں مائیکو ٹاکسن بائنڈر استعمال کریں

مائیکو ٹاکسن بائنڈر (ڈاکٹر کے مشورے سے)

  • مائیکوفکس: 100–150 گرام فی 50 کلو فیڈ
  • مانگووائیڈ: 100–150 گرام فی 50 کلو فیڈ
  • وی بائنڈ: 100–150 گرام فی 50 کلو فیڈ

ہمیشہ کمپنی کی ہدایات یا ماہر کی رہنمائی کے مطابق استعمال کریں۔