چارہ جانوروں کی خوراک کا ایک بنیادی حصہ ہے اور اس کی سال بھر دستیابی نہایت ضروری ہوتی ہے۔ پاکستان میں سال کے کچھ مہینوں میں سبز چارہ وافر مقدار میں دستیاب ہوتا ہے، جبکہ شدید سردی یا دیگر موسمی حالات کے باعث بعض مہینوں میں سبز چارے کی سخت قلت پیدا ہو جاتی ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ چارے کی کثرت کے دنوں میں اضافی سبز چارہ کاٹ کر سائنسی طریقوں سے محفوظ کر لیا جائے، تاکہ قلت کے موسم میں جانوروں کے لیے خوراک کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اس مقصد کے لیے چارے کو عموماً دو طریقوں سے محفوظ کیا جاتا ہے:
- سبز حالت میں
- خشک حالت میں
سبز چارے کو محفوظ کرنے کا سب سے آسان اور سائنسی طریقہ سائیلج بنانا ہے۔
خمیر شدہ چارہ (سائیلج) بنانے کی ہدایات
جب سبز چارے کو ہوا بند حالت میں طویل عرصے کے لیے محفوظ کیا جائے تو اسے خمیر شدہ چارہ یا سائیلج کہا جاتا ہے۔ پیداواری جانوروں کے لیے سبز چارہ انتہائی اہم خوراک ہے، لیکن سردیوں کے آخر اور بعض موسمی حالات میں اس کی شدید قلت ہو جاتی ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اضافی سبز چارے سے سائیلج بنا کر محفوظ کیا جاتا ہے۔ سائیلج عموماً غیر پھلی دار چارہ جات سے تیار کیا جاتا ہے۔
خمیر شدہ چارہ بنانے کے اقدامات
- سائیلج کے لیے غیر پھلی دار چارہ جات کا انتخاب کریں۔
- چارہ دار فصل کو پہلی سن بلوغت کے مرحلے میں کاٹیں۔
- چارہ کاٹنے کے لیے صاف اور دھوپ والا موسم منتخب کریں۔
- چارہ کاٹ کر تین سے چار گھنٹے تک پتلی تہہ میں پھیلائیں تاکہ نمی تقریباً 70 فیصد رہ جائے، پھر مشین کے ذریعے چارہ کتر لیں۔
- اینٹ، سیمنٹ، پلاسٹک یا ٹین کا بنا ہوا ٹینک منتخب کریں، جو زمین کے اندر یا اوپر ہو اور بارش کے پانی سے محفوظ ہو۔
- کٹا ہوا چارہ ٹینک میں تہ در تہہ ڈال کر اچھی طرح دبائیں تاکہ درمیان سے ہوا مکمل طور پر خارج ہو جائے۔
- دبانے کے بعد اوپر پلاسٹک شیٹ بچھائیں اور اس پر 4 سے 6 انچ مٹی کی تہ ڈال دیں۔
- استعمال کے وقت ایک طرف سے حسبِ ضرورت چارہ نکالیں اور باقی کو ہوا بند رکھیں۔
- جانور کو کھلانے سے پہلے چارہ کچھ دیر ہوا میں پھیلا دیں اور خراب یا گلے سڑے حصے ضائع کر دیں۔
خشک چارہ (ہیے)
خشک چارہ محفوظ کرنے کا سب سے سستا، سادہ اور عام طریقہ ہے۔ اس طریقے میں چارے میں موجود پانی کی مقدار کم کر دی جاتی ہے، جس سے گلنے سڑنے کا عمل رک جاتا ہے اور چارہ طویل عرصے تک محفوظ رہتا ہے۔ خشک چارہ بنانے کے لیے نمی کی سطح تقریباً 15 فیصد تک لائی جاتی ہے۔ یہ طریقہ عموماً پھلی دار چارہ جات جیسے برسیم اور شفتل کے لیے زیادہ موزوں ہوتا ہے۔
خشک چارہ بنانے کے طریقے
- پھلی دار چارہ جات کا انتخاب کریں۔
- چارہ اس وقت کاٹیں جب فصل میں پہلی کونپل یا پھول نمودار ہو جائیں۔
- صاف اور دھوپ والے موسم میں چارہ کاٹیں۔
- چارہ کھیت میں پتلی تہہ کی صورت میں پھیلا دیں۔
- ہر تین گھنٹے بعد چارے کو الٹ پلٹ کریں، احتیاط کریں کہ پتے ضائع نہ ہوں۔
- جب پتے اور تنے آسانی سے ٹوٹنے لگیں تو سمجھیں نمی 15 فیصد تک آ گئی ہے۔
- خشک ہونے کے بعد چارے کی گٹھلیاں بنا کر ایسی جگہ محفوظ کریں جو:
- بارش اور دھوپ سے محفوظ ہو
- نمدار نہ ہو
- دیمک اور چوہوں سے محفوظ ہو
- جانوروں کے باڑے کے قریب ہو
