زنک پودوں کی نشوونما کیلئے ایک ضروری مائیکرونیوٹرینٹ ہے۔ زنک نی صرف پودوں کی ابتدائی نشوونما کے مراحل کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے بلکہ پھل، بیج اورجڑ کی بڑھوتری اور فصل کےتحفظ کے لیے بھی ضروری ہے۔ زنک کی کمی پودوں کی نشوونما کو کئی طریقوں سے متاثر کرتی ہے جیسے پتوں کا چھوٹا رہ جانا، بیماریوں/کیڑوں کے خلاف مدافعت اور شدید موسم کے خلاف مدافعت میں کمی۔
پودے عام طور پر مٹی سے زنک لیتے ہیں۔ اس لیئے پودوں میں زنک کی کمی مٹی میں زنک کی کم مقدار کی وجہ سے ہوتی ہے۔ "فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO)" کے مطابق، زرعی زمینوں میں زنک سب سے زیادہ کمی کا شکار مائیکرونیوٹرینٹ ہے۔ تقریباً پچاس فیصد زرعی زمینوں مین زنک کی کمی ہے۔ زنک کی کمی سے متاثر ہونے والی زمینوں میں زیادہ پی ایچ والی کلراٹھی زمینیں، زیادہ کاشت ہونے والی زمینیں، ریتلی زمینیں اور زیادہ پی ایچ والی زمینیں شامل ہیں۔
پودوں کو زنک کی کمی سے متاثر ہونے سے بچانے کیلئے زمین کی پی ایچ کو نارمل حد میں رکھیں کیونکہ مٹی کی پی ایچ بڑھنے سے پودوں کو زنک کی دستیابی کم ہو جاتی ہے۔ پودوں کو زنک کی دستیابی کیلئے زمین میں نامیاتی مواد کی دستیابی یقینی بنائی جائے کیونکہ زمین میں نامیاتی مادے کی مقدار زنک کی مقدار بڑھاتی ہے۔