نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاشیم پودوں کے اہم غذائی اجزاء ہیں۔ ان غذائی اجزاء کو پودوں تک پہنچانے کے لئے مختلف کھادوں کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ ہرغذائی جزو کے لئے الگ الگ کھاد کا استعمال کاشتکار حضرات کے معاشی منافع میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ اسلیے مرکب کھادوں کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے۔ مرکب کھادوں میں پودوں کے تینوں بنیادی غذائی اجزاء نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاشیم ایک ساتھ موجود ہوتے ہیں۔ اور کاشتکاروں کو تینوں بنیادی غذائی اجزاء کے لئے الگ کھاد کا استعمال نہیں کرنا پڑتا۔

مرکب کھادیں دو طرح کی ہوتی ہیں مکمل اور نامکمل مرکب کھادیں۔ مکمل مرکب کھادوں میں تینوں بنیادی غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ جبکہ نامکمل مرکب کھادوں میں تین بنیادی غذائی اجزاء میں سے کوئی ایک غذائی جزو کم ہوتا ہے۔ مرکب کھادیں عام طور پر دانے دار شکل میں ہوتی ہیں۔ مکمل مرکب کھادوں میں این پی کے جبکہ نامکمل مرکب کھادوں میں امونیم فاسفیٹ اور نائٹروفاسفیٹ شامل ہیں۔ ان کھادوں کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:

امونیم فاسفیٹ کھادیں

امونیم فاسفیٹ نامکمل مرکب کھاد ہے۔ اس میں مونوامونیم فاسفیٹ، ڈائی امونیم فاسفیٹ اور امونیم فاسفیٹ سلفیٹ کھادیں شامل ہیں۔ یہ کھادیں ہر طرح کی زمین اور ہر طرح کی فصل کے لئے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

نائٹروفاسفیٹ کھادیں

نائٹرو فاسفیٹ بھی نامکمل مرکب کھاد میں شامل ہے۔ اس کھاد میں نائٹروجن اور فاسفورس کا تناسب اس کھاد کی تیاری کے طریقے پر منحصر ہوتا ہے۔ عام طور پر نائٹروفاسفیٹ میں تیئس فیصد نائٹروجن اور تیئس فیصد فاسفورس شامل ہوتی ہے۔ اس کھاد میں نائٹروجن آسانی سے حل ہونے والی حالت جیسا کہ نائٹریٹ نائٹروجن اور امونیم کی شکل میں موجود ہوتی ہے۔ نائٹرو فاسفیٹ میں دیگر کھادوں کے مقابلے میں تیزابیت کم ہوتی ہے۔

این پی کے کھادیں

این پی کے جو کہ مکمل مرکب کھاد ہے اس میں نائٹروجن فاسفورس اور پوٹاش تینوں غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ عام طور پر این پی کے میں موجود غذائی اجزاء کے مختلف تناسب کی بنیاد پر اس کھاد کی مختلف اقسام ہیں۔ این پی کے کھاد میں نائٹروجن پندرہ فیصد، فاسفورس پندرہ فیصداور پوٹاش پندرہ فیصد شامل ہیں۔ اسکے علاوہ این پی کے کھاد کی دوسری قسسم میں نائٹروجن دس فیصد، فاسفورس بیس فیصد اور پوٹاش بیس فیصد شامل ہے۔ جبکہ تیسری قسم میں نائٹروجن تیرہ فیصد، فاسفورس تیرہ فیصد اور پوٹاش اکیس فیصد موجود ہوتی ہے۔

مرکب کھادوں کے فوائد مندرجہ ذیل ہیں

• مرکب کھادوں کا استعمال آسان اور باقی کھادوں کی نسبت سستا ہے ۔

• مرکب کھادوں کا استعمال زمین پر غذائی اجزاء کی یکساں تقسیم کو یقینی بناتا ہے۔

• مرکب کھادوں کےذریعے تینوں بنیادی غذائی اجزاء نائٹروجن ، فاسفورس اور پوٹاش ایک ساتھ مٹی میں ڈالے جاتے ہیں اس سے غذائی اجزاء کی کارکردگی بڑھ جاتی ہے۔