مونو امونیم فاسفیٹ فارفورس اور نائٹروجن کے لئے استعمال ہونے والی کھادوں میں سے ایک ہے۔ مونوامونیم فاسفیٹ عام طور پر ایم اے پی کے نام سے جانا جاتا ہے۔اس کھادمیں نائٹروجن کی مقداردس سے بارہ فیصد جبکہ فاسفورس کی مقدار اڑھتالیس فیصد سے اکسٹھ فیصد ہوتی ہے۔ نائٹروجن اور فاسفورس دونوں ہی پودوں کی بہتر نشونما کے لئے اہم ہیں۔

ایم اے پی کھاد دو اجزاء امونیم اور فاسفورک ایسڈ سے مل کر بنتی ہے۔ ایم اے پی کھاد کو بنانے کے لئے عام طور پر امونیم اور اور فاسفورک ایسڈ کو ایک جتنی مقدار میں ملایا جاتا ہے اور اس سے بننے والے ایم اے پی کو دانوں کی شکل دے دی جاتی ہے۔ ایم اے پی بنانے کے لئے دوسرے طریقے میں امونیم اور فاسفورک ایسڈ کو پائپ کراس ریایکٹر میں ڈالا جاتا ہے جہاں  انکے ملنے سےحرارت پیدا ہوتی ہے جس سے پانی بخارات میں تبدیل ہوتا ہے اور ایم اے پی ٹھوس حالت میں آجاتا ہے۔ 

اس کھادکوہر قسم کی فصلوں اور ہر قسم کی مٹی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کھاد کو فصل کے ابتدائی مرحلے سے لے کر پھول آنے سے پہلے تک استعمال کیا جا تا ہے۔ ایم اے پی کھاد کوپٹی کی صورت میں جڑوں کے قریب تھوڑی گہرائی میں ڈالا جاتا ہے۔ عام طور پر کھاد کوکھیت میں چھٹے کے ذریعے پھیلا دیا جاتا ہے اور بعد میں زمین میں ملا دیا جاتا ہے۔ اس کھادکو فولیئر سپرے کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے یا اسے آبپاشی کے پانی میں شامل کیا جاتا ہے۔ لیکن فولیر سپرے کے طور پر یا آبپاشی کے ساتھ شامل کرنے کی صورت میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ یہ کھاد کیلشیم یا میگنیشیم والی کھادوں کے ساتھ نہ ملائی جائے۔

مونو امونیم فاسفیٹ کے فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

  • ایم اے پی کھاد میں فاسفورس کی مقدار باقی کھادوں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔
  • ایم اے پی کھاد فاسفورس زمین میں شامل کرنے کا سستا ذریعہ ہے۔
  • ایم اے پی کھاد میں نائٹروجن امونیم کی شکل میں موجود ہوتی ہے، جسکی لیچنگ نہیں ہوتی اور یہ نائٹروجن کی ایک سست ریلیز/دیرپا اثر والی شکل ہے۔
  • یہ کھاد مٹی میں تیزابیت پیدا کرتی ہے جونیوٹرل اور الکلائن زمین کے لئے فائدہ مند ہوتی ہے۔
  • ایم اے پی کھاد پانی میں حل پذیر ہے۔ اسلئے مٹی میں مناسب نمی کی موجودگی میں آسانی سے گھل جاتی ہے ۔
  • ایم اے پی جڑ کی نشونما کو بہتر بناتا ہے۔
  • ایم اے پی کھاد کو بغیر کسی نقصان کے بیج کے قریب ڈالا جا سکتا ہے۔
  • ایم اے پی کھاد میں دھات(ہیوی میٹلز) کم ہوتی ہیں۔
  • ایم اے پی کے استعمال کے لئے کسی خاص احتیاطی تدابیر کی ضرورت نہیں ہوتی۔
  • ایم اے پی کھاد کی تیزابی خصوصیت کی وجہ سے ہوا میں امونیا گیس کے نقصانات کم ہوتے ہیں۔
  • ہر طرح کی ملاوٹ سے پاک ایم اے پی کھاد کو جانوروں کے لئے خوراک کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں موجود امونیم پروٹین بناتا ہے جبکہ فاسفورسک ایسڈ انہضام کو فعال کرنے کے لئے اہم ہوتا ہے۔