کھاد سے مراد ایسا کیمیکل یا مادہ ہے جو مٹی میں پودوں کے لیے ضروری غذائی اجزا فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔کھادوں کا استعمال  فصلوں کی  پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے  بھی کیا  جا تا ہے۔ یہ فصلوں کو پوٹاشیم ، فاسفورس اور نائٹروجن جیسے غذائی اجزا مہیا کرتی ہے ، جو فصلوں کی نشو نما  کو بڑھانے اور پیداوار زیادہ کرنے میں مدد دیتےہیں۔

 نائٹروجن زمین پر ہر جاندار کی نشوونما کے لیے اہم ہے ۔ پودے ہوا میں موجود  نائٹروجن گیس استعمال نہیں کر سکتے۔ نشو نما کے لیے ، پودوں کو مٹی سے نائٹروجن مرکبات  لینے کی ضرورت ہوتی ہے ، جو قدرتی طور پر مٹی میں موجود ہوتے ہیں یا کھادوں کے ذریعے فراہم کیے جا تے ہیں۔ تاہم ، زیادہ مقدار میں کھاد ڈالنے سے ماحول میں نقصان دہ گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج  ہوتا ہےاور  آبی گزرگاہوں میں     غذائی اجزاء   جمع ہوجاتے ہیں۔  ایک اوسط زرعی زمین میں ، کھادوں سے صرف  پچاس فیصد نائٹروجن فصلوں کے ذریعے استعمال ہوتی ہے جبکہ نصف نائٹروجن ضائع ہو جاتی ہے۔ یہ نائٹروجن  ہوا اور مٹی میں یا آبی گزرگاہوں  جیسے زمینی پانی ، نہروں، جھیلوں ، دریا اور سمندر  مین شامل ہو جاتی ہے۔اور مختلف ماحولیاتی مسائل کا سبب بنتی ہے۔ ہمیں اپنی زرعی زمینوں کے لئے کھادوں سے حاصل ہونے والی نائٹروجن کی ضرورت ہے ، لیکن ماحول یا آبی گزرگاہوں میں اضافی نائٹروجن کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہمیں کھادوں  سے حاصل ہونے والے مثبت فوائد کو اضافی کھادوں کے منفی نتائج کے ساتھ متوازن کرنے کی ضرورت ہے۔موجودہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے سائنسدان اس توازن کو قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مائکرو بائیولوجسٹ اور مٹی کے سائنسدان قدرتی طور پر پائے جانے والے نائٹروجن فکسنگ بیکٹیریا کی نشوونما کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کیمسٹ ایسی کھادی بنانے پر کام کر رہے ہیں جو طویل عرصے تک زمین میں موجود رہ   سکیں۔ ماہر حیاتیات فصلوں کو جینیاتی طور پر بہترکرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو نائٹروجن گیس سے اپنی ضرورت کے مطابق نائٹروجن فکس کر سکیں۔ کمپیوٹر سائنسدان اور مٹی کے سائنس دان مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ سمارٹ فرٹیلائزیشن سسٹم بنایا جا سکے ، جو ہر فصل کو انکی ضرورت کے مطابق خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔مختصر  یہ کہ کھادیں فصلوں کی بہتر نشو نما اور زیادہ پیداوار کے لئے اہم ہیں لیکن ضرورت سے زیادہ استعمال سے ماحولیاتی مسائل   پیدا ہوتے ہیں۔  فصل اور زمین کی حالت کے حساب سے  ضرورت کے مطابق   کھاد کا ستعمال کرنے سے ان مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔