فلوریکلچر، یا پھولوں کی کاشتکاری کا تعلق باغات اور پھولوں کی صنعت کے لیے پھولوں اور سجاوٹی پودوں کی کاشت سے ہے۔ فلوریکلچر میں سجاوٹی پودوں کی کاشت کے علاوہ انکی پروسیسنگ اور مارکیٹنگ بھی شامل ہے۔ فلوریکلچر جمالیاتی، سماجی اور اقتصادی نقطہ نظر سے ایک اہم صنعت ہے۔ اس کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں ۔
لوگوں کے طرز زندگی میں تبدیلی نے گزشتہ دو دہائیوں سے پھولوں کی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ کیا ہے۔ پھولوں کی مانگ میں یہ اضافہ معاشرے میں مختلف تقاریب جیسے شادیوں اور سالگرہ کی تقریبات میں پھولوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے ہے۔ پھولوں کو آرائشی عنصر کے طور پر بھی استعمال کیا جا تا ہے۔ اس کے علاوہ، خشک پھولوں سے مالا اور گلدستے بنائے جاتے ہیں۔ جب کہ کٹے ہوئے پھول گلدستوں کو سجانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ پاکستان میں بھی لوگوں کا رجحان فلوریکلچر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور پشاور جیسے بڑے شہروں میں کٹے ہوئے پھولوں، موسمی پھولوں اور لینڈ سکیپ پلانٹس کی مانگ زیادہ ہے۔ پھولوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے پھولوں کے کاروبار میں توسیع کا امکان ہے۔ بہت سےممالک میں مختلف پھولوں کی مصنوعات زرعی شعبے سے برآمد ہونے والی اہم اشیاء ہیں۔ فلوریکلچر کی مصنوعات میں کٹ فلاور، لوز فلاور، کٹ گرینز، پھولوں کے بیج اور پودے لگانے کا مواد، گملوں والے پودے، نرسری، پرفیوم اور خشک پھول شامل ہیں۔ ان مصنوعات کی اہمیت اور استعمال منددرجہ ذیل ہیں۔
کٹ فلاور
یہ پھول ٹہنیوں کے ساتھ کاٹے جاتے ہیں اور خاص طور پر گلدانوں میں سجائے جاتے ہیں اور دیر پا ہوتے ہیں۔ پھولوں کی مصنوعات کی عالمی تجارت کا بڑا حصہ کٹ فلاور پر مشتمل ہے۔ اہم کٹ فلاورز میں گلاب، گل داؤدی، برڈ آف پیرا ڈائیز، ٹیولپ، للی وغیرہ شامل ہیں۔
لوز فلاور
لوز فلاور بغیر ٹہنی کے کاٹے جاتے ہیں۔ ان پھولوں کی ایشیائی ممالک میں بہت اہمیت ہے۔ انکو رنگولی بنانے کے لئے، کنگن اور مالا بنانے یا مذہبی تہوار کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔لوز فلاورزمیں گلاب، گل داؤدی، میری گولڈ،چمبیلی، چاندنی،سپائڈر للی وغیرہ شامل ہیں۔
کٹ گرینز ( پتے اور ٹہنیاں)
کٹ گرینز کو کٹ فلاورز کے ساتھ فلر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اسکے علاوہ گلدستے بنانے میں اورگھروں کی سجاوٹ میں استعمال کیا جاتا ہے۔
پھولوں کے بیج اور پودے لگانے کا مواد
معیاری پھولوں کے بیجوں اور سجاوٹی پودے لگانے کے لئے استعمال ہونے والے مواد کی بہت اہمیت ہے۔ بہت سے پھولوں اور سجاوٹی پودوں کے بیج بنائے جاتے ہیں اور بیچے جاتے ہیں۔
گملوں والے پودے
گملوں والے پودوں کو گھروں ، دفاتر،ہوٹل، مال اور دیگر جگہوں پر سجاوٹ کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور شہروں میں اضافہ کی وجہ سے کھلی جگہیں بہت کم نظر آتی ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر گملوں والے پودوں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ انکو کسی بھی جگہ آسانی سے رکھا جا سکتا ہے۔
نرسری
بڑے پیمانے پر مختلف پھولوں اور پودوں کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے نرسری تیار کی جاتی ہے ۔ سجاوٹی پھولوں کی نرسری تیار کرنا ایک اچھا کاروبار سمجھا جاتا ہے۔ نرسری میں ہر طرح کے سجاوٹی پودے اور پھول تیار کئے جاتے ہیں۔
پرفیوم
قدرتی پھولوں سے ھاصل ہونے والے پرفیوم اور عطر کی بہت اہمیت ہے۔ کچھ پھولوں جیسے گلاب اور چمبیلی کو پرفیوم اور عطر بنانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
خشک پھول
کچھ پھول زیادہ لمبے عرصے تک نہیں رہتے۔ ایسے پھولوں کو خشک کر کے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔