آجکل زرعی ماہرین ایک انتہائی کارآمد کسان دوست کیڑے ہوور فلائی کو فروٹ فلائی قرار دے کر اس پر زرعی زہروں کا استعمال کروا رہے ہیں۔ ہوور فلائی کو پھولوں کی مکھی یا سرفائڈ فلائی بھی کہتے ہیں۔ جو ایک فصل دوست کیڑا ہے. اس مضمون میں پڑھیں ہوور فلائی اور پھل کی مکھی کے فرق اور ہوور فلائی کی افادیت کے حوالے سے
ہوور فلائی اپنے پیلے رنگ کے نشانات کے ساتھ دوسری مکھیوں کی طرح نظر آتی ہیں لیکن کاٹتی نہیں ہیں۔ ہوور فلائی فروٹ فلائی کی طرح نظر آتی ہے اس کی پہچان یہ ہے کہ اسکا پیٹ لمبوترا اور پتلا ہوتا ہے جبکہ فروٹ فلائی کا پیٹ بیضوی گول یا صراحی دار موٹا ہوتا ہے ۔ ہور فلائی پیلے اور سیاہ رنگ کے نشانات کے ساتھ بھڑوں کی طرح نظر آتی ہیں۔ انکی ٹانگیں نازک ہوتی ہیں،آنکھیں بڑی ہوتی ہیں اور آرام کرتی وقت پروں کوایک طرف رکھتی ہیں۔ جبکہ بھڑیں آرام کرتے وقت اپنے پر بند کر لیتی ہیں۔ ہوور مکھیوں کے لاروہ ایفڈز کو کھاتے ہیں، ایک لاروہ پیوپا بننے سے پہلے ہزاروں ایفڈز کو کھاتا ہے۔
یہ لیڈی بگز کی طرح ہی کارآمد ہیں اور ایفڈس کے حملے کو 70 سے 80 فیصد تک کنٹرول کرتی ہیں اورفصلوں کومحفوظ رکھتی ہیں۔ بالغ مکھیاں پودوں کی پولینیشن میں مدد کرتی ہیں۔ ہور فلائی حیاتیاتی طریقہ کار کے لئے اہم ہیں ، لیکن فصل میں صرف اس صورت میں نظرآتی ہیں جب ایفڈز موجود ہوں۔ کیڑے مار دوا آسانی سے ان کو مار دیتی ہے ، اور معمول کے سپرے پروگرام انھیں مکمل طور پر ختم کردیتے ہیں۔ اگر فصل کا اچھی طرح معائنہ کیا جائے تو یہ پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ فصل میں یہ مکھیاں موجود ہیں اور ایفڈز کو کنٹرول کر رہی ہیں۔ اگرایفڈس کی کالونی میں دو سے زیادہ لاروہ موجود ہیں تو یہ ایفڈس کو کنٹرول کر لیتے ہیں پھر کسی اور طریقہ کار کی ضرورت نہیں رہتی۔
کیڑے مار ادویات ہوورمکھیوں کو نقصان پہنچاتی ہیں ان ادویات کا استعمال تب کرنا چاہیے جب فصل میں ہوور مکھیوں کے لاروہ موجود نہ ہوں یا کم تعداد میں ہوں۔ اگر ادویات کے استعمال کی ضرورت پیش آئے تو وہ ادویات استعمال کریں جو پودوں پر کچھ دن ہی کام کریں۔ مثال کے طور پر ڈیرس، پائرینتھرم یا پائیریتھرائڈس کا استعمال کریں۔
یہ سورج کی روشنی میں ختم ہو جاتی ہیں۔