اصطلاح ‘ڈرینچنگ’ کے مختلف معنی ہو سکتے ہیں، لایئو سٹاک مینجمنٹ میں اسے جانوروں کو (ادویات) کیمیائی محلول فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ عام طور پر کسی جانور کے گلے میں دوا کا زبردستی ڈالنا ڈرینچنگ کہلاتا ہے اور اسے تمام مویشیوں کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دوا گلے میں ڈالنے کے دوران احتیاط کی جانی چاہئے اور جانور کا سر اٹھانا ضروری ہے تاکہ محلول پھیپھڑوں میں داخل نہ ہو۔ زیادہ تر فارم جانوروں پر ڈرینچنگ کی جا سکتی ہے۔
ادویات کی فراہمی کا مقصد
ڈرینچنگ دراصل مویشیوں کو کیمیائی ادویات فراہم کرنے کا عمل ہے جس کا مقصد مویشیوں کو مختلف نقصان دہ کیڑوں، جوؤں اور مکھیوں سے بچانا ہے۔ طفیلی کیڑے مویشیوں کی نشونما کو روکتے ہیں اور بیماریوں کے لئے مدافعت میں رکاوٹ بنتے ہیں اور دوسرے مویشیوں میں منتقل ہونے کا باعث بنتے ہیں۔ کمزور مدافعتی نظام والے نوجوان مویشیوں کے لئے ادویات بنیادی طور پر ضروری ہوتی ہیں جو انفیکشن کا شکار ہو سکتے ہیں۔ گوشت اور دودھ کی صنعتوں میں نقصان دہ کیڑوں کی روک تھام کے لئے ڈرینچنگ ایک عام طریقہ ہے۔
ادویات کی فراہمی کے طریقے
مویشیوں کو بوتل، بڑی سرنج، ڈوزنگ گن یا ٹیوب کے ذریعےدوا دی جا سکتی ہے۔ادویات مختلف طریقوں کے ذریعے فراہم کی جا سکتی ہے جو درج ذیل ہیں۔
پہلی صورت میں مویشیوں کی پشت پر دوا لگائی جاتی ہے یا پھر چھڑکاؤ کیا جاتا ہے اور یہ سب سے عام طریقہ ہے۔
دوسرے طریقے میں دوا منہ کے ذریعے سے پیٹ میں پہنچائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ سرنج کے ذریعے انجیکشن جانور کی گردن یا کندھوں پر لگایا جاتا ہے۔
ادویات کی فراہمی کے فوائد
فارم کے جانوروں میں ادویات کی فراہمی سے جانوروں کی صحت، حالت اور نشونما بہتر ہوتی ہے جس کی وجہ سے بچوں کی پیدائش کی شرح، وزن میں اضافہ اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔ ڈرینچنگ یا ادویات کی فراہمی کا طریقہ علاج جانوروں میں اسہال اور قبض کی صورت میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ جانوروں میں پانی کی کمی کا بھی اس طریقہ سے تدارک کیا جا سکتا ہے۔
ادویات کی فراہمی کا بہترین وقت
مویشیوں کو سال میں ایک بار دوا ضرور دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ جانور جب چرنا شروع کرتے ہیں تو ساتھ میں کیڑوں کو بھی اٹھا لیتے ہیں، اس لئے بہترین وقت دودھ چھڑانے کی عمر یعنی تین ماہ کی عمر ہے۔ اس کے بعد ان کو موسم گرما اور خزاں کے خطرے کی مدت میں دوا فراہم کی جاتی ہے۔
ادویات کے خلاف مزاحمت
ادویات کے خلاف مزاحمت کیڑوں کی جینیاتی خصوصیت کی وجہ سے ہوتی ہے جس کے نتیجے میں ادویات کم سے کم یا صفر اثر ڈالتی ہیں۔ ادویات کا مخصوص مقدار سے کم یا زیادہ استعمال، لمبے عرصے تک علاج یا ایک ہی دوا کا مستقل استعمال ڈرینچنگ کیمیکلز کے خلاف مزاحمت کا سبب بنتا ہے۔ مختلف قسم کی حکمت عملی کا استعمال کرتے ہوئے ادویات کے خلاف مزاحمت کا انتظام کیا جا سکتا ہے جس میں زیادہ عمر کے مویشیوں کو غیر ضروری ادویات سے بچانا، ممکنہ حد تک کم وقت تک اثر رکھنے والی ادویات کا استعمال کرنا اور دوا کی صحیح مقدار کا استعمال کرتے ہوئے سال بہ سال استعمال ہونے والی دوا میں تبدیلی لانا شامل ہے۔