کپاس کیلئے گرم اور خشک آب و ہوا موزوں ہوتی ہے۔ زیادہ بارشیں کپاس کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ کیونکہ زیادہ بارشوں کی وجہ سے نہ صرف پودوں کی غیر ضروری بڑھوتری ہوتی ہےبلکہ کھیتوں کے اندر اور باہر کثیر تعداد میں جڑی بوٹیاں بھی اُگ آتی ہیں۔ اس کے علاوہ نقصان رساں کیڑوں کی تعداد میں بھی بہت تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب پاکستان کے مطابق کپاس کے کاشتکار درج ذیل سفارشات پر عمل کرتے ہوۓ بارشوں کے متوقع نقصانات کو کم کر سکتے ہیں۔

بارش کا پانی کھیت میں اگر چوبیس گھنٹے سے زیادہ کھڑا رہے تو فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے اور اگر پانی اڑتالیس گھنٹوں تک کھڑار ہے تو پودے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔ کپاس کی فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانے کیلئے کھیت میں کھڑے پانی کو کسی خالی نشیبی کھیت میں نکال دینا چاہیئے۔ اگر قریبی کھیت میں کماد کی فصل موجود ہو اور اس میں پانی ڈالا جاسکتا ہوتو کپاس کا اضافی پانی اس کھیت میں ڈال دیں۔ پانی اگر کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالا جاسکتا ہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کر دینا چاہیئے۔

  • زیادہ پانی کی وجہ سے کپاس کے پودوں کی جڑوں کا خوارک حاصل کرنے کا عمل بُری طرح متاثر ہوتا ہے۔ پودوں کی بڑھوتری رک جاتی ہے اور فصل زردی مائل ہو جاتی ہے۔ اس صورت میں کھیت سے پانی نکالنے کے بعد زمین وتر آنے پر فصل پریوریا کا دو فیصد محلول اسپرے کریں۔ تا کہ پودوں کی نشو ونما دوبارہ شروع ہو سکے۔
  • بارشوں سے پیدا ہونے والی نمی کی وجہ سے کپاس پر رس چوسنے والے کیڑوں خصوصا چست تیلہ اورٹینڈوں پر سنڈیوں کا کا حملے کا خطرہ بڑھ جا تا ہے۔ ایسی صورت میں کاشتکاروں کو چاہیئے کہ وہ اپنے کھیتوں میں دو مرتبہ پیسٹ اسکاؤٹنگ کریں۔ اگر حملہ نقصان کی معاشی حد تک پہنچ چکا ہو تو مناسب زہرسپرے کریں۔
  • بارش کی وجہ سے کپاس کے کھیتوں میں جڑی بوٹیاں زیادہ اگنا شروع ہو جاتی ہیں۔ جس سے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔ کاشتکاروں کو چاہیئے کہ کھیت جونہی وتر پر آئے تو کھیت میں قطاروں کے درمیان ہل چلائیں اور پودوں کے درمیان ہاتھ سے گوڈی کریں۔ اگر فصل بڑی ہو جاۓ تو شیلڈ لگا کر بوٹی مار زہر سپرے کریں۔
  • زیادہ بارشوں کی وجہ سے پودوں کا قد بہت بڑھ جا تا ہے۔ جس کے نتیجہ میں پودا پھل لینے کے بجاۓ بڑھوتری کی طرف مائل ہو جا تا ہے۔ ایسے میں کپاس کی پیداوار کم ہونے کے ساتھ ساتھ فصل بھی دیر سے تیار ہوتی ہے۔ ایسی صورت میں فصل کی بڑھوتری کو مناسب رکھنے والی ادویات محکمہ زراعت کے مشورہ سے استعمال کر یں