کیننگ میں بند کنٹینرز میں کھانے کی اشیاء کو محفوظ کیا جاتا ہے اور اس کیلئےعام طور پر حرارت کا استعمال کیا جاتا ہے۔ حرارت کے ذریعہ کنٹینر کے اندر خراب ہونے والے مائیکرو جرثوموں کو ختم کرنا کیننگ کا بنیادی اصول ہے۔ کینگ کا طریقہ کار درج ذیل ہے:

پھلوں اور سبزیوں کا چناؤ

کینگ کیلئے پھل اور سبزیاں بالکل تازہ ہونی چاہئیں۔ پھل پکے ہوئے لیکن سخت ہونے چاہئیں۔ زیادہ پکے ہوئے پھلوں کو مسترد کر دینا چاہیے کیونکہ وہ مائیکرو جرثوموں سے متاثر ہوتے ہیں اور ان سے ناقص مصنوعات بنتی ہے۔ کچے پھلوں کو رد کر دینا چاہیے کیونکہ وہ عام طور پر سکڑ جاتے ہیں اور سخت ہو جاتے ہیں۔

گریڈنگ

یکساں معیار حاصل کرنے کے لیے پھلوں اور سبزیوں کو سائز اور رنگ کے مطابق درجات دیئے جاتے ہیں۔ یہ کام ہاتھ سے یا مشینوں کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

دھلائی

پھلوں اور سبزیوں سے کیڑے مار دوا کے سپرے کی باقیات اور دھول کو صاف کیا جاتا ہے۔

چھیلنا

چھیلنے کا مقصد بیرونی تہہ کو اتارنا ہوتا ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کومختلف طریقے سے چھیلا جاتا ہے جیساکہ ہاتھ سے، بھاپ کے ذریعے اورمکینکل طریقے سے۔

کاٹنا

کینگ کے لئے جو سائز چاہئے ہوتا ہے اس سائز کے ٹکڑے کاٹے جاتے ہیں۔

بلینچنگ

سبزیوں کی صورت میں عام طور پر انہیں ابلتے ہوئے پانی یا بھاپ میں 2 سے 5 منٹ کے لیے رکھ کر بلینچنگ کی جاتی ہے۔

ٹھنڈا کرنا

بلینچنگ کے بعد سبزیوں کو ٹھنڈے پانی میں ڈبویا جاتا ہے۔

فلنگ

بھرنے سے پہلے کین کو گرم پانی سے دھویا جاتا ہےاور جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔ فلنگ کے بعد سیرپ یا نمک کا پانی (برائن) ڈالا جاتا ہےاور اس عمل کو سیرپنگ یا برائننگ کہا جاتا ہے۔

ایگزاسٹنگ

کین سے ہوا کے اخراج کے عمل کو ایگزاسٹنگ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بھرنے اور ڈھکن لگانے کے بعد ایگزاسٹنگ ضروری ہے۔ ایگزاسٹنگ کے دوطریقے ہیں جیسے تھرمل ایگزاسٹنگ اور مکینیکل ایگزاسٹنگ۔ سیل کرنا ایگزاسٹنگ کے فوراً بعد کین سیلر کے ذریعے کین کو بند کر دیا جاتا ہے۔ شیشے کے جار کی صورت میں جار کے منہ اور ڈھکن کے درمیان ربڑ کا رنگ رکھنا چاہیے۔

پروسسنگ

خوراک کو محفوظ کرنے کے لئے گرم کرنے کو پروسسنگ کہتے ہیں۔ کین کومناسب وقت اور درجہ حرارت پر بند کرنے کے فوراً بعد پروسس کیا جاتا ہے۔

ٹھنڈا کرنا

پروسیسنگ کے فوراً بعد، خوراک کو خراب ہونے سے بچنے کے لیے کین کو ٹھنڈا کیا جاتا ہے۔

ذخیرہ کرنا

کین پر لیبل لگانے کے بعد، انہیں لکڑی کے مضبوط کیسز یا گتے کے کارٹن میں پیک کر کے ٹھنڈی اور خشک جگہ پر رکھا جاتا ہے۔