فصل کی بہتر پیداوار کے حصول کے لئے کھادوں کا استعمال بہت اہم ہے۔ کھادوں کے استعمال کے لئے مختلف طریقے استعمال کئے جاتے ہیں۔ ان طریقوں میں ایک طریقہ براڈ کاسٹنگ یا چھٹہ کرنا ہے۔ اس طریقہ میں کسان ہاتھ میں کھاد لے کرزمین میں یکساں طور پر پھینکتا ہے۔ یہ طریقہ گھنی فصلوں کے لیے موزوں ہے۔ کھاد کا چھٹہ کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ کھاد پودوں یا پتوں پر نہ گرے۔ کھاد کے پودوں پر گرنے سے اکثر پودے جل جاتے ہیں۔ اس بات کا بھی خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے کہ کھاد کو یکساں طور پر پورے کھیت میں ڈالا جائے۔ کھاد کو اگر یکساں طور پر کھیت میں نہیں ڈالا جاتا تو فصل کے خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ کیونکہ کسی جگہ پودوں کو غذائی اجزاء مکمل نہیں ملتے تو وہاں اگاؤ بہتر نہیں ہوتا۔ اور کھیت کے جس حصے میں کھاد زیادہ ڈل گئی ہو وہاں پودے جل جاتے ہیں۔ چھٹہ عام طور پر دو طرح سے کیا جاتا ہے:

1۔ کھڑی فصل میں کھاد چھٹہ کرنا۔

2۔ بوائی سے پہلے کھاد چھٹہ کر کے مٹی میں ملانا۔

کھڑی فصل میں کھاد چھٹہ کرنا

اس طریقے میں کھڑی فصل میں کھاد کا چھٹہ کیا جاتا ہے۔ کھڑی فصل میں چھٹہ کرنا باقی طریقوں کی نسبت آسان طریقہ ہے۔ چھٹہ کے ذریعے کھاد یکساں طور پر پورے کھیت میں پھیل جاتی ہے۔ یہ ایک سستا طریقہ ہے۔کھڑی فصل میں کھاد کا چھٹہ کرنے سے کچھ مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جیسا کہ کھڑی فصل میں چھٹہ کرنے سے کھاد پورے کھیت میں پھیل جاتی ہے جس سے کھیت میں فصل کے ساتھ ساتھ غیر ضروری جڑی بوٹیوں کا بھی اضافہ ہوتا ہے۔ چھٹے کے ذریعے ڈالی گئی یوریا کھاد کچھ وقت میں ٹوٹ کر ہوا میں شامل ہو جاتی ہے۔اس لئے بہتر ہے کہ یوریا کو ضرورت کے مطابق پودوں کے قریب ڈالا جائے۔اسی طرح غذائی اجزاء مٹی کے ساتھ مل جاتے ہیں اور پودوں کوحاصل نہیں ہوتے۔

بوائی سے پہلے کھاد چھٹہ کر کے کھاد کو مٹی میں ملانا

اس طریقے میں بوائی سے پہلے کھاد کا چھٹہ کر کے مختلف طرح کے ہل کی مدد سے کھاد کو زمین میں ملا دیا جاتا ہے۔ زمین میں نمی کی موجودگی کی وجہ سے کھاد پودوں تک آسانی سے پہنچ جاتی ہے۔ اس طریقہ میں کھاد زمیں میں گہرائی تک ملائی  جاتی ہے جس سے جڑی بوٹیوں کو کھاد کم ملتی ہے اور کھیت میں جڑی بوٹیاں کم اگتی ہیں اورپورے کھیت میں غذائی اجزاء کی مقدار میں بہتری آتی ہے۔ بوائی سے پہلے چھٹہ کرنے کے فوائد کے ساتھ کچھ نقصانات بھی ہیں جیسا کہ زمین میں ہل کے ذریعے کھاد شامل کرنے سے بعض اوقات کھاد زیادہ گہرائی میں چلی جاتی ہے اور پودوں کو نہیں ملتی۔ کیونکہ کھاد پانی کے ساتھ مل کرپودوں کی جڑوں سے نیچے( لیچنگ) چلی جاتی ہے۔ اس طریقے میں کھاد کو زمین میں شامل کرنے کے لئے زیادہ توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔