کھادیں پودوں کو تین بنیادی غذائی اجزاء نائٹروجن ، فاسفورس اور پوٹاشیم فراہم کرتی ہیں۔ نائٹروجن پودوں کی نشوونما میں اہم کردار اداکرتی ہے۔ جبکہ فاسفورس جڑوں اور پھولوں کو بہتر بناتا ہے اورپوٹاشیم درجہ حرارت اورکیڑوں کے خلاف مزاحمت فراہم کرتا ہے۔

نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش پودوں تک پہنچانے کے لئے الگ الگ کھادوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ پودوں کو نائٹروجن فراہم کرنے کے لئے مختلف کھادیں موجود ہیں جن میں سب سے اہم کھاد یوریا ہے کیونکہ اس میں نائٹروجن کی مقدار چھتالیس فیصد ہوتی ہے۔ یہ  سب کھادوں میں موجود نائٹروجن سے زیادہ ہے۔ یوریا ایک نیوٹرل کھاد ہے اس لئے یہ ہر طرح کی زمین میں ڈالی جا سکتی ہے۔

یوریا ایک سفیدرنگ کا کیمیائی مرکب ہے اور پوری دنیا میں فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے استعمال ہو رہا ہے۔عالمی  سطح پر یوریا کی پیداواری صلاحیت تقریباً دو سو بیس ملین ٹن فی سال ہے۔ یوریا کی نوے فیصد سے زیادہ پیداوار زراعت میں استعمال ہوتی ہے۔ جبکہ باقی دس فیصد سالانہ جانوروں کی خوراک میں پروٹین، یوریا فارملڈی ہائیڈ ریزن، جلد کی دیکھ بھال کے لیے امولینٹ، اور باربیٹیورک ایسڈ کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔

یوریا کھاد کو کھیت میں یکساں طور پر پھیلایا جاتا ہے تاکہ سب پودوں تک کھاد پہنچ سکے۔ مٹی میں یہ امونیم اور کاربن ڈائی آکسائیڈ میں ٹوٹ جاتی ہے۔ نائٹروجن کو مٹی میں شامل کرنے والے بیکٹیریا امونیم کو نائٹریٹ میں بدل دیتے ہیں جسے فصلوں کی جڑیں آسانی سے حاصل کرلیتی ہیں۔

یوریا کے مختلف فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

  • نائٹروجن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
  • پیداواری لاگت کم ہوتی ہے۔
  • محفوظ کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہ آگ نہیں پکڑتی۔
  • ہر قسم کی مٹی اور ہر طرح کی فصل کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
  • پی ایچ نیوٹرل ہوتی ہے اسلئے یہ پودوں کو نقصان نہیں پہنچاتی۔
  • یوریا پودوں کی نشونما بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
  • یوریا کھاد ضیائی تالیف کے عمل کو بڑھاتی ہے۔
  •  

یوریا کے فوائد کی طرح کچھ نقصانات بھی ہیں جن کا جاننا ضروری ہے۔ یوریا کے نقصانات مندرجہ ذیل ہیں:

  • یوریا میں موجود زیادہ تر نائٹروجن آسانی سے ہوا میں شامل ہو جاتی ہے۔ اگر یوریا کو ایسی زمین میں ڈالاجائےجسکی پی ایچ زیادہ ہو یا جہاں نامیاتی مادے کی مقدار زیادہ ہو تو نائٹروجن کا ضیایع زیادہ ہوتا ہے۔
  • یوریا کھاد پودوں کے ساتھ ساتھ جڑی بوٹیوں کو بھی ملتی ہے۔
  • نائٹروجن کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے یوریا کھاد کے زیادہ استعمال سے پودے جل جاتے ہیں۔ اسلئےاسے فصل کی ضرورت کے مطابق استعمال کرنا چاہئے۔