کالے کلر والی زمینوں کی اصلاح حل پذیر کیلشیم کے نمکیات مثلا جپسم، کیلشیم کلورائیڈ اور تیزاب  کے مرکبات مثلا سلفر، آئرن سلفیٹ، ایلومینیم سلفیٹ یا لائم سلفر وغیرہ  سے کی جا سکتی ہے۔  باڑہ اور تھور باڑہ زمین کی بحالی کے لئے سوڈیم کی کیلشیم سے ردوبدل کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لئے  عام طور پر جپسم کو شامل کیا جاتا ہے ، کیونکہ یہ نسبتا زیادہ حل پذیراور سستا ہے۔ اس بات کا یقین کرنے کے لیے احتیاط کی جانی چاہیے کہ کیلشیم بحالی کے لیے مخصوص کی گئی تمام گہرائیوں تک پہنچ جائے۔ باڑہ اور تھور باڑہ زمینوں میں کیلشیم  یا سلفر کے  استعمال  کے بعد اچھے معیار والے (کم سوڈیم) پانی استعمال کیا جانا چاہئے۔ سوڈیم کو نظام سے باہر نکالنے کے لیے مناسب نکاسی آب کو برقرار رکھنا چاہیے۔ ایک ہی وقت میں جپسم نہ ڈالنا بہتر ہے۔ نامیاتی مواد جیسےھاد اور کھاد کے ساتھ ساتھ نمک برداشت کرنے والی فصلیں بحالی کے عمل کو مکمل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ نمکیات کی مسلسل نگرانی کی بھی سفارش کی جاتی ہے۔

جپسم کی مقدار کا تعین اور طریقہ استعمال

زمین کی اصلاح کے لئے اس کا لیزر لینڈ لیولر سے ہموار کرنا بہت ضروری ہے تا کہ پانی کا بہاو اور پھیلاو یکساں ہو۔ جپسم کے استعمال سے پہلے اس بات  کا خیال رہے کہ زیر زمین پانی کی سطح چھ سےسات  فٹ نیچے ہو۔ اگر کھیت بڑا ہو تو اس کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر دیں تا کہ پانی کھڑا کرنے میں آسانی ہو۔ باڑہ اور تھور باڑہ زمینوں میں سوڈیم کی موجودگی سے سخت تہہ بن جاتی ہے۔ اس لئے گہرا ہل زمین کی سخت تہہ کو توڑنے اور اصلاح کے عمل کو تیز کرنے میں  مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گہرا ہل چلانے کے بعد جپسم کو مشین یا ہاتھ کے ذریعے کھیت میں بکھیر دیں (کوشش کریں  کہ چھٹہ دہرا ہو)  اور پھر عام ہل چلا کر مٹی میں ملا دیں۔ جپسم بکھیرنے کے بعد  کھیت کو ایک ایکڑ فٹ پانی دیں یور پانی کی گہرائی کو ہفتہ دس دن برقرار رکھیں۔ جپسم ڈالنے کے بعد دھان کی فصل لگانے سے اصلاح کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔ اگر نہری یا ٹیوب ویل کے پانی کی کمی ہو تو اصلاح کا عمل مون سون سیزن میں کریں۔