میری کلچر یا میرین فارمنگ(سمندری فارمنگ) خوراک اوردیگر مصنوعات حاصل کرنے کے لئے سمندری جانداروں کی افزائش ہے۔ دنیا کے بہت سے علاقوں میں میٹھے پانی کی کمی ہے جسکی وجہ سے میری کلچرکی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔ میری کلچرمیں کھلے سمندر کے بند حصوں، مصنوعی ٹینکوں اور تالابوں میں کم اخراجات کے ساتھ بڑے پیمانے پر سمندری جانداروں کی فارمنگ کی جاتی ہے۔  میری کلچر سے نہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضرورت کوپورا کیا جاسکتا ہے بلکہ کاسمیٹکس، ادویات اور بہت سی اشیاء کے لئے خام مال کے بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔ میری کلچر کے مختلف طریقے ہیں۔

سی رینچنگ 

میری کلچر کے طریقوں میں سے ایک  سی رینچنگ ہے۔ جو پوری صنعت میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔ سی رینچنگ میں مچھلیوں کی مختلف اقسام کو ابتداء میں ٹینک میں رکھا جاتا ہے اورتھوڑا بڑا ہونے پر سمندری پانی میں  چھوڑا جاتا ہے۔ ان مچھلیوں کو کسی اضافی خوراک کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ وہ پانی کے اندر پائے جانے والے غذائی اجزاء پر انحصار کرتی ہیں۔ سی رینچنگ کے ذریعے پران، لوبسٹر، سکالپ، جائنٹ کلیم، سی کوکیمبر، سلمن، شرمپ اور مچھلیوں کی دوسری بہت سی اقسام کی افزائش کی جاتی ہے۔ انکا استعمال بڑے پیمانے پرخوراک، ادویات، کاسمیٹکس اور دوسری بہت سی اشیاء میں کیا جاتا ہے۔

شیل فش

 شیل فش کی افزائش رسیوں، تھیلوں ،پنجروں یاسمندری سطح پر کی جاتی ہے۔ شیل فش میری کلچر میں بھی فیڈ یا کھاد کی ضرورت  نہیں ہوتی۔ یہ سمندری پانی میں موجود بڑی مچھلیوں کے فضلہ کو استعمال کرتی ہیں۔ شیل فش کا استعمال پوری دنیا میں خوراک کے طور پر کیا جاتا ہے۔ شیل فش پروٹین، چکنائی اور معدنیات سے بھرپور خوراک کا ذریعہ ہے۔

سمندری پانی کے تالاب

میری کلچر کی اس قسم میں تالاب بنائے جاتے ہیں جن میں سمندر سے پانی آتا ہے۔ان تالابوں میں مچھلیوں کی افزائش کی جاتی ہے۔ سمندری پانی میں موجود غذائی اجزاء ہی ان مچھلیوں کی خوراک بنتے ہیں۔ سمندری تالابوں  میں سی باس، گروپر، ریڈ سی بریم، یلو ٹیل،ریبٹ فش اورشرمپ کی افزائیش کی جاتی ہے۔

الگا کلچر

الگا کلچر میں الجی کی مختلف اقسام کی فارمنگ کی جاتی ہے۔ الجی کی فارمنگ تجارتی اور صنعتی مقاصد کے لئے کی جاتی ہے۔ الجی کا استعمال کھانے کے مختلف اجزاء کے طور پر، کھانے کے مصنوعی رنگ کے طور پر، دوا سازی کے لئے، ایندھن بنانے کے لئے اور بائیو پلاسٹک کی تیاری میں کیا جاتا ہے۔

کھلے سمندر میں مچھلیوں کی افزائش

کھلے سمندر میں پنجروں یا جالوں میں مچھلیوں کی افزائش کی جاتی ہے۔ کھلے سمندر میں مچھلیوں کی کاشت کے لئے مچھلیوں کی مختلف اقسام جیسا کہ امبر جیک، بلیک سی باس، بلیو مسلز، کوبیا، کوڈ، کوروینا، فلاؤنڈر، ہیڈاک، ہالیبٹ، ریڈ ڈرم اور یلو ٹیل سنیپر پر مختلف ممالک میں تحقیق کی جا رہی ہے جسکامقصد ہے کہ کھلے سمندر پر بڑے پیمانے پر مچھلیوں کی فارمنگ کر کے خوراکی ضرورت کو پورا کیا جائے۔