فصل میں بوائی سے پہلے یا کھڑی فصل میں کسی بھی آلے کے ذریعہ مطلوبہ گہرائی تک کھاد و دیگر غذائی اجزا کوڈالنا پلیسمینٹ کہلاتا ہے۔ اس طریقے میں کھاد کو مخصوص جگہ پر فصل کی ضرورت کے مطابق ڈالا جاتا ہے۔ پلیسمینٹ طریقے میں پلو پلیسمینٹ، سب سوائل پلیسمینٹ، لوکلائزڈ پلیسمینٹ، بلک بلیننڈنگ، ڈرل پلیسمینٹ، اوربینڈ پلیسمینٹ شامل ہیں۔

پلو پلیسمنٹ

پلو پلیسمنٹ میں کھاد کو ہل چلانے کے دوران کھالی کے نچلے حصے میں بینڈ کی صورت میں رکھا جاتا ہے۔ اگلی کھالی بنانے پر ہر بینڈ کو مٹی سے ڈھک دیا جاتا ہے۔ اس طریقے میں کھاد کو نم مٹی میں ڈالا جاتا ہے جہاں یہ فصل کوآسانی سے دستیاب ہوتی ہے۔ جن علاقوں میں خشک موسم میں زمین کی سطح سے چند انچ نیچے تک مٹی خشک ہو جاتی ہے ان علاقوں میں اس طریقے سے کھاد ڈالنا فصل کے لئے مفید ثابت ہوتا ہے۔

سب سوائل پلیسمنٹ

سب سوائل پلیسمنٹ میں بھاری مشینری کی مدد سے مٹی کی نچلی تہہ(سب سوائل) میں کھاد ڈالی جاتی ہے۔ یہ طریقہ مرطوب علاقوں میں تجویز کیا جاتا ہے جہاں مٹی تیزابیت والی ہوتی ہے۔ تیزابی حالات کی وجہ سے پودوں میں دستیاب غذائی اجزاء کی سطح انتہائی کم ہوتی ہے۔ ان حالات میں فاسفورس اور پوٹاش والی کھادوں کو جڑوں کی بہتر نشوونما کے لیے مٹی کی نچلی سطح میں رکھا جاتا ہے۔

لوکلائزڈ پلیسمینٹ

لوکلائزڈ پلیسمنٹ میں بیج یا پودے کے قریب مٹی میں کھاد ڈالی جاتی ہے۔ اس طریقے کا استعمال تب کیا جاتا ہے جب نسبتاً کم مقدار میں کھاد ڈالنی ہو۔ سیڈ کم فرٹیلائزرڈرل کا استعمال کرتے ہوئے کھاد اور بیج کو ایک ہی قطار میں لیکن مختلف گہرائی میں ڈالا جاتا ہے۔ اس طریقے سے کھاد دالنے کی صورت میں فاسفورس اور پوٹاشیم مٹی میں فکس نہیں ہوتے اور پودوں کو آسانی سے مل جاتے ہیں۔

بلک بلینڈنگ

بلک بلینڈنگ میں دو یا دو سے زیادہ مختلف کھادوں کو اس طرح ملایا جاتا ہے کہ انکے منفی اثرات نہ ہوں۔ کھادوں کہ ملانے کے لئے خاص مواد کا استعمال کیا جاتا ہے جسکو فلرز اور کنڈیشنرز کہا جاتا ہے۔ اس کھاد کو فصل پر چھڑکاؤ(ٹاپ ڈریسنگ) کے ذریعےڈالا جاتا ہے۔

ڈرل پلیسمنٹ

اس طریقہ میں، کھاد کو بوائی کے وقت بیج کے ساتھ سیڈ کم فرٹیلائزرڈرل کے ذریعے ڈالا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ طریقہ اناج والی فصلوں میں فاسفورس اور پوٹاش والی کھادوں کے استعمال کے لیے موزوں ہے، لیکن بعض اوقات نمکیات کی زیادہ مقدار کی وجہ سے بیجوں اور پودوں کے اگاؤ اوع نشونماکو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بینڈ پلیسمنٹ

بینڈ پلیسمنٹ میں، کھاد کو بیج یا پودے کے ایک یا دونوں اطراف میں بینڈکی صورت میں ڈالا جاتا ہے۔ بینڈ پلیسمنٹ دو طرح کی ہوتی ہے۔ • ہل پلیسمنت • قطاروں میں کھاد ڈالنا

ہل پلیسمنٹ

ہل پلیسمنت کے ذریعے باغ میں کھاد کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کھاد کو پودوں کے قریب بینڈ کی صورت میں ڈالا جاتا ہے۔

قطاروں میں کھاد ڈالنا

یہ طریقہ ایسی فصلوں میں کھاد ڈالنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جہاں قطاروں کا فاصلہ زیادہ ہو۔ جیساکہ کماد، تمباکو، کپاس، مکئی اور سبزیوں میں اس طریقے سے کھاد ڈالی جاتی ہے۔